میر رضا ہلاکت کیس :اغوا کے بجائے قتل کے مقدمے میں تبدیل
ڈی آئی جی عامر فاروقی کی سربراہی میں 5 رکنی نئی تحقیقاتی کمیٹی تشکیل، نوٹیفکیشن جاری نئی کمیٹی کا پہلا اجلاس آج طلب،تمام ممبران کو دوپہر 12 بجے تک پہنچنے کی ہدایت
کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک) نوجوان تاجر کی قبر کشائی کے بعد کیے جانے والے پوسٹ مارٹم کی ابتدائی رپورٹ آنے پر مقدمے میں قتل عمد کی دفعہ کا اضافہ کر دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق ہفتہ کو میر رضا علی کی قبر کشائی کے بعد کیے جانے والے پوسٹ مارٹم کی ابتدائی رپورٹ آنے پر مقدمے میں قتل عمد کی دفعہ کا اضافہ کر دیا گیا۔ فیروز آباد تھانے میں درج اغوا کے مقدمہ دفعہ 365 کے تحت درج کیا گیا تھا جبکہ ایف آئی آر میں اب قتل عمد کی دفعہ 302 بھی شامل کر لی گئی۔ پولیس حکام کے مطابق مقدمے میں قتل کی دفعہ قبر کشائی اور پوسٹ مارٹم کی ابتدائی رپورٹ کی روشنی میں شامل کی گئی۔دوسری جانب قتل کیس میں آئی جی سندھ نے نئی 5 رکنی تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دے دی۔ ڈی آئی جی کرائم اینڈ انویسٹی گیشن سندھ کراچی عامر فاروقی تحقیقاتی ٹیم کا چیئرمین اورایس ایس پی آر آر ایف سید محمد علی رضا کو سیکریٹری مقرر کردیا گیا۔اس ضمن میں نوٹی فکیشن جاری کردیا گیا۔ نئی تحقیقاتی ٹیم میں ایس پی انویسٹی گیشن کورنگی قیس خان اور ایس پی انویسٹی گیشن سینٹرل انعم تجمل بھی شامل ہیں، ساتھ ہی ایس آئی او زمان ٹاؤن انسپکٹر چودھری غضنفر کو بھی نئی تحقیقاتی ٹیم کا حصہ بنایا گیا ہے ۔
نوٹی فکیشن میں نئی تحقیقاتی ٹیم کو کیس کی جامع، شفاف اور غیر جانبدارانہ تحقیقات کی ہدایت کی گئی ہے ، جو تمام نئے ، اضافی شواہد اکٹھے اور محفوظ کرے گی، تحقیقاتی ٹیم فزیکل، ٹیکنیکل، حالات و واقعاتی اور فارنزک شواہد کا جائزہ لے گی، مقررہ مدت میں متعلقہ عدالت میں رپورٹ پیش کرے گی ۔ٹیم کو کیس کی پیشرفت سے متعلق روزانہ کی بنیاد پررپورٹ پیش کرنے اور کیس کو تمام پہلوؤں سے منطقی انجام تک پہنچانے کی ہدایت کی گئی ہے ۔تحقیقات میں معاونت کے لیے ٹیم ضرورت پڑنے پر کسی بھی افسر کو شامل کرسکے گی۔ تحقیقاتی ٹیم کو کیس حل کرنے کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے مقررہ مدت کے اندر متعلقہ عدالت میں اپنی رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی گئی ہے ۔ علاوہ ازیں میر رضا قتل کیس کی تحقیقات کے لیے بنائی گئی نئی کمیٹی کا پہلا اجلاس آج طلب کر لیا گیا۔نوٹیفکیشن کے مطابق اجلاس ڈی آئی جی کرائم برانچ کے دفتر میں طلب کیا گیا ہے ، جس میں دوپہر 12 بجے تمام ممبران کو پہنچنے کی ہدایت کی گئی ہے ۔اجلاس میں میر رضا کیس سے متعلق اب تک کی تحقیقات کا جائزہ لیا جائے گا۔ کمیٹی مختلف پہلوؤں سے تحقیقات کا آغاز کرے گی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments