صدر زرداری نے بالآخر ججز تقرریوں اور سپریم کورٹ ججوں کی نئی تنخواہوں کی منظوری دیدی
جسٹس فرہاد ، جسٹس امجد ، جسٹس عثمان ،جسٹس اسد ، جسٹس خالد ، جسٹس شیریں ،جسٹس امیر عجم ، جسٹس غلام سرور نہنگ، جسٹس منور دوگل ،جسٹس اجمل لاہور ہائیکورٹ کے نئے جج جسٹس طارق باجوہ کی مستقلی، اسلام آباد، سندھ ،بلوچستان ہائیکورٹس میں 3،3ایڈیشنل جج تعینات، رخصت، پنشن ، مراعات کے حکم میں ترمیم منظور،ہارون اختر مشیر صنعت مقرر
اسلام آباد،لاہور(اپنے نامہ نگارسے ،کورٹ رپورٹر،دنیا نیوز)صدرآصف علی زرداری نے بالآخر لاہور ،اسلام آباد، سندھ، پشاوراور بلوچستان ہائیکورٹس میں ایڈیشنل ججز کی تقرریوں اور سپریم کورٹ ججوں کی تنخواہوں، الاؤنسز اور پنشن کو وفاقی آئینی عدالت کے ججز کے مساوی کرنے کی منظوری دے دی۔صدرِ مملکت نے ہائیکورٹ ججز کی رخصت، پنشن اور مراعات سے متعلق 1997 کے حکم میں ترامیم اور ہارون اختر کو وزیراعظم کا مشیر برائے صنعت و پیداوار مقرر کرنے کی منظوری بھی دی ۔ہائیکورٹس میں 19 اضافی ججوں کی تقرری اور 5 اضافی ججوں کی مستقل ججوں کے طور پر توثیق کا معاملہ گزشتہ کئی ہفتوں سے زیر التوا تھا۔ یہ نامزدگیاں 20 اور 21 جولائی کو جوڈیشل کمیشن کی جانب سے سفارش کیے جانے کے بعد منظوری کیلئے صدر مملکت کو بھجوائی گئی تھیں۔وزارت قانون نے صدر مملکت کی منظوری کے بعد ہائیکورٹس میں تعینات کیے جانیوالے ججز کی تقرری کے نوٹیفکیشن جاری کر دئیے ، ایڈیشنل ججوں کی تقرری ان کے حلف اٹھانے کی مدت سے ایک سال کیلئے ہوگی۔اسلام آباد ہائیکورٹ کے 3 نئے ججوں جسٹس ایاز شوکت، جسٹس عمیر مجید ملک اور جسٹس شاہ رخ ارجمند نے بطور ایڈیشنل جج حلف اٹھا لیا۔ ان سے چیف جسٹس سرفراز ڈوگر نے حلف لیا۔
اس طرح لاہور ہائیکورٹ میں تعینات ہونے والے 10ایڈیشنل ججز نے بھی حلف اٹھا لیا، چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ عالیہ نیلم نے نئے تعینات ہونے والے ایڈیشنل ججز جسٹس فرہاد علی شاہ، جسٹس امجد پرویز، جسٹس عثمان غنی راشد ،جسٹس اسد باجوہ ، جسٹس خالد بن عزیز، جسٹس شیریں عمران ،جسٹس امیر عجم ملک ، جسٹس غلام سرور نہنگ، جسٹس منور اقبال دوگل اور جسٹس اجمل خان زاہد سے حلف لیا۔10نئے ججز کے حلف اٹھانے کے بعد لاہور ہائیکورٹ میں ججز کی تعداد 50ہوگئی، ابھی بھی مزید 10 اسامیاں خالی ہیں۔چیف جسٹس عالیہ نیلم اپنے دور میں ججز کی سب سے زیادہ 23اسامیاں پْر کرنے والی پہلی چیف جسٹس بن گئیں، جبکہ جسٹس سید فرہاد علی شاہ تمغہ امتیاز پانے والے پہلے جج بن گئے ہیں، انہیں بطور پراسیکیوٹر جنرل پنجاب ان کی خدمات کے نتیجہ میں تمغہ امتیاز سے نوازا گیا تھا ۔لاہور ہائیکورٹ کے ایڈیشنل جج جسٹس طارق محمود باجوہ کو مستقل کرنے کا نوٹیفکیشن بھی جاری کیا گیا ہے ۔ادھر بلوچستان ہائیکورٹ کیلئے 3 ایڈیشنل ججوں کی تقرری کا نوٹیفکیشن جاری کیا گیا جن میں رؤف عطا، اللہ داد روشن، عبدالقیوم لہری شامل ہیں۔سندھ ہائیکورٹ میں ہمایوں خان، سریش کمار، ڈاکٹر شاہنواز میمن کو ایڈیشنل جج تعینات کیا گیا جبکہ ایڈیشنل جج خالد حسین شاہانی کی مدت میں 6 ماہ کی توسیع کر دی گئی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments