این اے 168بہاولپور میں ضمنی الیکشن 27ستمبر کو ہوگا

 این اے 168بہاولپور میں ضمنی الیکشن 27ستمبر کو ہوگا

شیڈول جاری، امیدوار 17سے 19اگست تک کاغذاتِ نامزدگی جمع کروائینگے انتخابی عملے کی تعیناتی کا نوٹیفکیشن جاری،الیکشن نتائج تک تقرری و تعیناتی پر پابندی

اسلام آباد (نیوز رپورٹر)الیکشن کمیشن آف پاکستان نے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 168(بہاولپور 5)میں ضمنی انتخاب کا شیڈول جاری کر دیا،پولنگ 27 ستمبر بروز اتوار کو ہوگی، انتخابی عملے کی تعیناتی کا بھی نوٹیفکیشن جاری ، ضلعی انتظامیہ میں کسی افسر کی تعیناتی یا تبادلے ، ترقیاتی منصوبے شروع کرنے پرالیکشن نتائج تک پابندی بھی لگادی گئی ۔تفصیلات کے مطابق رکنِ قومی اسمبلی ملک محمد اقبال کے انتقال کے باعث خالی ہونیوالی نشست حلقہ این اے 168(بہاولپور 5)پر ضمنی الیکشن کیلئے امیدوار 17 سے 19 اگست تک اپنے کاغذاتِ نامزدگی جمع کروا سکیں گے ، امیدواروں کی ابتدائی فہرست 20 اگست کو شائع ہوگی،کاغذات کی جانچ پڑتال 24 اگست تک  مکمل ہوگی، منظوری یا مسترد ہونے کے خلاف اپیلیں 28 اگست تک دائر کی جا سکیں گی۔

نظرثانی شدہ فہرست 4 ستمبر کو جاری ہوگی ،8 ستمبر کو حتمی امیدواروں کو انتخابی نشانات الاٹ جبکہ 27 ستمبر 2026 بروز اتوارکو پولنگ ہو گی۔ علاوہ ازیں الیکشنز ایکٹ 2017 کے تحت بہاولپور کے ڈپٹی کمشنر سید حسن رضا کو ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر (ڈی آر او)جبکہ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر عائشہ خان کو ریٹرننگ آفیسر (آر او)،اسسٹنٹ کمشنر صدر بہاولپور حمزہ احتشام اور ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر سیکنڈری مختیار احمد کو اسسٹنٹ ریٹرننگ آفیسرز مقرر کیا گیا ہے ۔مزید برآں ضمنی انتخاب کا شیڈول جاری ہونے کے بعد کسی بھی حکومتی عہدیدار، منتخب نمائندے یا مقامی حکومت کے نمائندے پر انتخابی حلقے میں 27 ستمبر 2026 تک کسی بھی نئے ترقیاتی منصوبے کا اعلان کرنے پر بھی پابندی رہے گی۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...