جماعت اسلامی کا سابق چیئرمین ایف بی آر شبرزیدی کو 1 ارب روپے ہرجانے کا نوٹس
لاہور (سیاسی نمائندہ)جماعت اسلامی نے سابق چیئرمین ایف بی آر شبر زیدی کو جماعت اسلامی پر مبینہ طور پر پیسے لے کر احتجاج دبانے اور اسٹیبلشمنٹ کی فائر وال ہونے کے الزامات عائد کرنے پر ایک ارب روپے ہرجانے کا قانونی نوٹس جاری کر دیا۔
قانونی نوٹس جماعت اسلامی کراچی کے جنرل سیکرٹری توفیق الدین صدیقی کی ہدایت پر بھجوایا گیا۔ نوٹس کے مطابق شبر زیدی نے ٹی وی پروگرام اور سوشل میڈیا پر جماعت اسلامی کے خلاف سنگین الزامات عائد کیے ، جن میں جماعت اسلامی کے اسٹیبلشمنٹ سے مبینہ تعلقات اور فنڈنگ لینے کے الزامات بھی شامل ہیں۔ قانونی نوٹس میں کہا گیا ہے کہ شبر زیدی کے بیانات سے جماعت اسلامی پر بدعنوانی اور ریاستی عناصر سے ملی بھگت جیسے الزامات عائد ہوتے ہیں، جو جماعت کی ساکھ کو نقصان پہنچانے اور اسے بدنام کرنے کی کوشش ہیں۔ جماعت اسلامی نے شبر زیدی سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اپنے الزامات کے حق میں بینک ریکارڈ، رسیدیں اور دیگر مالی ثبوت فوری طور پر فراہم کریں۔
قانونی نوٹس کے ذریعے شبر زیدی کو سات روز میں تمام الزامات واپس لینے اور غیر مشروط تحریری معافی مانگنے کا مطالبہ کیا گیا ہے ۔ جماعت اسلامی نے یہ بھی مطالبہ کیا ہے کہ شبر زیدی اسی ٹی وی چینل اور اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر معذرت اور الزامات کی تردید نشر کریں۔ نوٹس میں جماعت اسلامی کی ساکھ کو پہنچنے والے نقصان پر ایک ارب روپے ہرجانے کا مطالبہ کیا گیا ہے اور خبردار کیا گیا ہے کہ سات روز میں مطالبات پر عمل نہ ہونے کی صورت میں شبر زیدی کے خلاف سول اور فوجداری کارروائی شروع کی جائے گی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments