حصول پاکستان کیلئے آباؤ اجداد نے بے شمار قربانیاں دیں:عظمیٰ
آج پاکستان کی ہر فورم پر عزت ،دنیا کے طاقتور ممالک کی صف میں کھڑا ہے ملک کو آگے بڑھانے کیلئے سب کو کردار ادا کرنا ہوگا:یوم آزادی پر مبارکباد
لاہور(سٹاف رپورٹر)وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمیٰ بخاری نے جشن آزادی کے موقع پر اپنے خصوصی ویڈیو پیغام میں پوری قوم کو وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف اور اپنی جانب سے جشن آزادی کی مبارکباد پیش کی ہے ۔عظمیٰ بخاری نے کہا کہ پاکستان ہمیں پلیٹ میں رکھ کر نہیں ملا بلکہ اس ملک کے حصول کیلئے ہمارے آباؤ اجداد نے بے شمار قربانیاں دیں، 1947 سے آج تک پاکستان نے جو سفر طے کیا وہ انتہائی قابلِ قدر اور قابلِ فخر ہے ۔وزیر اطلاعات پنجاب نے کہا کہ آج پاکستان کو ہر فورم پر عزت مل رہی ہے ، دنیا میں ثالثی کی بات ہو، جنگ رکوانے کی بات ہو یا بڑے فیصلے کا معاملہ ہو، ہر جگہ پاکستان کا نام آتا ہے ۔ پاکستان آج دنیا کے طاقتور ممالک کی صف میں کھڑا ہے ۔انہوں نے کہا کہ آج کے دن ہمیں اس عزم کا ارادہ کرنا ہے کہ پاکستان کو آگے بڑھانے کیلئے سب کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں پاکستان نے ترقی کرنی ہے ۔عظمیٰ بخاری نے وزیراعلیٰ مریم نواز کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی کارکردگی کا پورا پاکستان معترف ہے ، دعا ہے پنجاب کی طرح باقی صوبوں میں بھی ترقی ہو۔انہوں نے اپنے پیغام کے اختتام پر دعا کرتے کہا کہ پاکستان کے لوگ اسی طرح آگے بڑھیں، ترقی کریں اور ملک مزید خوشحالی کی جانب گامزن ہو۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments