ملک میں لنگڑا نظام ، بہاولپور ، ہزارہ فوری صوبے بنائے جائیں: محمد علی درانی

 ملک میں لنگڑا نظام ، بہاولپور ، ہزارہ فوری صوبے بنائے جائیں: محمد علی درانی

محسن نقوی ، میاں عامر محمود فارمولے کے مطابق بھی دونوں صوبے بنانے کی آئینی ضرورت پہلے ہی پوری ہو چکی عوام حکمرانوں سے تنگ آ چکے ،پہلے ہی کہا تھا عمران ڈیل نہیں ڈائیلاگ کرے گا:سابق وفاقی وزیر، پریس کانفرنس

لاہور (کامرس رپورٹر سے )سابق وفاقی وزیر اطلاعات محمد علی درانی نے کہا ہے کہ ملک کاموجودہ نظام لنگڑا ہے ایک ٹانگ پر زیادہ نہیں چل سکتا،عوام کو شامل کئے بغیر ملک آگے نہیں بڑھے گا،بہاولپور اور ہزارہ کے دو ماڈل صوبے فوری بنائے جائیں،جیسے جیسے اتفاق رائے ہوتا جائے مزید صوبے بناتے جائیں ،محسن نقوی اور میاں عامر محمود فارمولے کے مطابق بھی دونوں صوبے بنانے کی آئینی ضرورت پہلے   ہی پوری ہو چکی ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ محمد علی درانی نے مزید کہا کہ بہاولپور اور ہزارہ صوبے کی قراردادیں صوبائی اسمبلیوں سے منظور ہوئی پڑی ہیں، اگلے ماہ سینیٹ اور قومی اسمبلی میں یہ معاملہ اٹھائیں گے ،بہاولپور صوبہ ملک بھر کی فوڈ باسکٹ بنے گا۔

چولستان کا 64 لاکھ ایکڑ رقبہ زیر کاشت ہی نہیں،ہزارہ صوبہ سیاحت اور معدنیات سے مالا مال ہے ،صوبے بننے سے انتظامی خرچ نہیں بڑھے گا بلکہ عوام پر خرچ بڑھے گا ، پہلے دو ماڈل صوبے بنا دیں جب نئے صوبے بنیں گے تو ان کی افادیت کا پتہ چلے گا۔پھر اتفاق رائے سے مزید صوبے بناتے جائیں۔حکومتی انتظام بہتر کرنے کیلئے نئے صوبے بنانا ہوں گے ۔سابق وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ یہ حکومتیں بلدیاتی ادارے کیوں نہیں چلاتیں ،عوام کی شرکت کے بغیر یہ نظام نہیں چلے گا،عوام ان حکمرانوں سے تنگ آ چکے ہیں ،اب پیسے صوبے کے عوام نہیں بلکہ وزیراعلیٰ کو ملتے ہیں ،کھربوں روپے صرف 4 لوگوں کی صوابدید پر ہوتے ہیں ،سیاست کرنی ہے تو عوامی مفاد کو ترجیح دیں ۔محمد علی درانی نے کہا کہ میں نے پہلے ہی کہا تھا بانی تحریک انصاف ڈیل نہیں ڈائیلاگ کرے گا اور اب معاملات اسی طرف جا رہے ہیں،زرداری صاحب سے گلہ ہے کہ وہ عوامی مفاد میں بننے والی نہروں اور کالا باغ ڈیم کی مخالفت کرتے ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...