پی ٹی آئی محسن نقوی کیساتھ تعلقات خراب نہیں کرنا چاہتی
عمران کو ریلیف ملے گا،گیم چل رہی، اتفاق ہے ڈیل کی بات باہر نہیں نکلنی چاہیے پی پی سے بھی بات جاری، مرحلہ وار چیزیں طے ہونگی:آج کی بات سیٹھی کیساتھ
لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک)سینئر تجزیہ کار نجم سیٹھی نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی محسن نقوی کے ساتھ تعلقات خراب نہیں کرنا چاہتی کیونکہ وہ انکے ساتھ بات کررہے ہیں، اسی لیے توہین عدالت درخواست میں انکا نام شامل نہیں کیا گیا۔ دنیا نیوز کے پروگرام ‘‘آج کی بات سیٹھی کے ساتھ’’ میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا حکومت اور پی ٹی آئی دونوں کو معلوم ہے کہ عمران خان ہسپتال جائینگے اور کچھ عرصہ وہاں رہیں گے جبکہ دونوں فریق اس بات پر متفق ہیں کہ ڈیل کی بات باہر نہیں آنی چاہیے ۔ اگر ڈیل کی بات سامنے آگئی تو پی ٹی آئی کے سپورٹ بیس کی جانب سے تنقید ہوگی کہ عمران خان کو اصولوں پر قائم رہنے کا کہا گیا تھا، اس لیے دونوں فریق خفیہ طور پر معاملات آگے بڑھا رہے ہیں۔
عمران خان کو ہسپتال میں کچھ عرصے کیلئے ریلیف مل سکتا ہے اور ممکن ہے وہاں ملاقاتیں بھی ہوں۔ پہلے مرحلے میں پی ٹی آئی دھرنے ، احتجاج اور لانگ مارچ نہیں کرے گی، اسکے بعد پارلیمنٹ میں واپس آنے کا مرحلہ آئے گا۔ پھر سپیکر اور محسن نقوی کے ساتھ پس پردہ مذاکرات ہونگے اور پی ٹی آئی نظام کا حصہ بننے کیلئے تیار ہوسکتی ہے ، کمیٹیوں میں بھی واپس آئے گی۔نجم سیٹھی نے کہا فی الحال پی ٹی آئی کی جانب سے دھمکیوں کا سلسلہ جاری رہے گا تاہم کوئی خبر سامنے آنے پر دونوں فریق تردید کردیتے ہیں کیونکہ معاملات خفیہ طور پر طے ہورہے ہیں۔ محسن نقوی اسٹیبلشمنٹ کی جانب سے بات کررہے ہیں اور ساتھ ہی پیپلزپارٹی سے بھی رابطے میں ہیں۔ مرحلہ وار معاملات طے ہونگے اور یہی ڈیل کی طرف جانے کا راستہ ہے ۔ پی ٹی آئی کامحسن نقوی کا نام نہ لینا اسکی علامت ہے کہ تعلقات خراب نہیں کیے جارہے ۔ جو وعدہ کیا گیا، عمران خان کو وہ ریلیف ملے گا اور وہ کچھ عرصے کیلئے ہسپتال جائینگے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments