رائیونڈ میں اہم بیٹھک،سیاسی و قانونی حکمت عملی پر مشاورت،پاکستان مزید کسی بحران کا متحمل نہیں:نواز شریف
شہبازشریف کی صدر (ن)لیگ سے ملاقات 2گھنٹے جاری رہی،مریم نواز بھی موجود ،پی ٹی آئی کی توہین عدالت درخواست اور اسکے قانونی جواب کے حوالے سے تبادلہ خیال تمام معاملات کو سیاسی اور آئینی دائرہ کار میں رہتے ہوئے آگے بڑھانا ضروری :نوازشریف، وزیراعظم نے عمران کے پمز میں طبی معائنہ کی وجوہات سے بھی آگاہ کیا:ذرائع
لاہور(این این آئی،دنیا نیوز،مانیٹرنگ ڈیسک)وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے پاکستان مسلم لیگ (ن)کے صدر میاں نواز شریف سے گزشتہ روز جاتی امرا رائے ونڈ میں اہم ملاقات کی ہے ، وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف بھی موجود تھیں ،اس موقع پر ملک کی مجموعی صورتحال ، پی ٹی آئی کی جانب سے توہین عدالت کی درخواست اور اس کے قانونی جواب کے حوالے سے سیاسی و قانونی حکمت عملی پر تبادلہ خیال و مشاور ت کی گئی۔ ذرائع کے مطابق صدر ن لیگ نواز شریف نے کہا کہ پاکستان مزید کسی سیاسی و آئینی بحران کا متحمل نہیں ہوسکتا، اس لیے تمام معاملات کو سیاسی اور آئینی دائرہ کار میں رہتے ہوئے آگے بڑھانا ضروری ہے ۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف کی مسلم لیگ (ن)کے صدر نواز شریف سے جاتی امرا رائے ونڈ میں ہونیوالی ملاقات تقریباً دو گھنٹے تک جاری رہی جس میں ملکی سیاسی صورتحال ، پارٹی امور بارے بھی تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ آزاد کشمیر کی سیاسی صورتحال اور وہاں کے نئے وزیراعظم کے انتخاب کیلئے متوقع امیدواروں شاہ غلام قادر اور طارق فاروق کے ناموں پر غور کیا گیا،پارٹی قیادت کی مشاورت مکمل ہونے کے بعد آزاد کشمیر کے نئے وزیراعظم کے نام کا باضابطہ اعلان جلد متوقع ہے ، مذکورہ ملاقات کی اندرونی کہانی بھی سامنے آ گئی۔ذرائع کے مطابق 2 گھنٹے طویل ملاقات کے ایجنڈے میں سرفہرست سپریم کورٹ کا بانی پی ٹی آئی کو ہسپتال شفٹ کرنے کا فیصلہ رہا،وزیراعظم نے نواز شریف کو بانی پی ٹی آئی کو شفا ہسپتال کے بجائے پمز چیک اپ کرانے کی وجوہات سے آگاہ کیا،ملاقات میں سیاسی حکمت عملی اور قانونی آپشنز پر بھی مشاورت کی گئی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments