پاکستان،سعودیہ میں مشترکہ تعاون کا یہ بہترین وقت:وزیر اعظم

پاکستان،سعودیہ میں مشترکہ تعاون کا یہ بہترین وقت:وزیر اعظم

اسلام آباد(نامہ نگار)وزیر اعظم شہباز شریف سے سعودی پاک مشترکہ بزنس کونسل کے چیئرمین شہزادہ منصور بن محمد آل سعود کی قیادت میں اعلیٰ سطح کے سعودی کاروباری وفد نے وزیراعظم ہاؤس میں ملاقات کی۔۔۔

 وزیراعظم نے خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود اور ولی عہد و وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کیلئے دلی احترام اور نیک خواہشات کا اظہار کیا، سعودی وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ ولی عہد محمد بن سلمان کے وژن کے مطابق پاکستان سعودی عرب کے ساتھ اپنے اقتصادی تعلقات کو باہمی مفاد پر مبنی سٹریٹجک اقتصادی شراکت داری میں تبدیل کرنے کا خواہاں ہے ۔ وزیراعظم نے شہزادہ منصور بن محمد آل سعود کے پاکستان کے سابقہ دوروں کا بھی ذکر کیا اور امید ظاہر کی کہ ان کا موجودہ دورہ گزشتہ بات چیت کو آگے بڑھانے اور مختلف شعبوں میں مفاہمتی یادداشتوں اور معاہدوں پر دستخط کی راہ ہموار کرے گا۔شہزادہ منصور بن محمد آل سعود نے زراعت، بندرگاہوں، شاہراہوں، ہوائی اڈوں کی آؤٹ سورسنگ، رئیل اسٹیٹ، توانا ئی، بجلی کی تقسیم اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع میں دلچسپی کا اظہار کیا۔

وزیراعظم نے ان ترجیحی شعبوں میں سعودی سرمایہ کاری کی دلچسپی کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان مشترکہ تعاون، خواہ حکومت سے حکومت ہو یا کاروبار سے کاروبار کیلئے یہ بہترین اور موزوں ترین وقت ہے ۔شہزادہ منصور بن محمد آل سعود نے پرتپاک استقبال پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا اور پاکستان کے ساتھ کاروباری روابط کو مزید گہرا کرنے میں سعودی حکومت اور سعودی کاروباری برادری کی مسلسل دلچسپی کا اعادہ کیا،ملاقات میں رانا تنویر حسین، ڈاکٹر مصدق ملک، جام کمال خان، محمد اورنگزیب، عطااللہ تارڑ، جنید انوار ، علی پرویز ملک، سردار اویس لغاری ، حنیف عباسی، محمد علی، ہارون اختر ، بلال اظہر کیانی، طارق فاطمی اور دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...