مریم نواز چین پہنچ گئیں ،ملاقاتیں،تعاون بڑھانے پر اتفاق
ارومچی میں پرتپاک استقبال ، سنکیانگ کے تجربات سے مستفید ہونا چاہتے آئی جی پنجاب کو بدعنوان عناصر کی چھانٹی کیلئے ہفتے کی مہلت
لاہور (دنیا نیوز،مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز 4روزہ سرکاری دورے پر چین پہنچ گئیں جہاں چینی صوبہ سنکیانگ کے حکام کے ساتھ ملاقاتوں میں مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کر لیا گیا،قبل ازیں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کرپٹ عناصر اور کرپشن کے خلاف فیصلہ کن اقدامات کرنے کا اعلان کرتے ہوئے آئی جی پنجاب کو بدعنوان عناصر کی چھانٹی کرنے کیلئے ایک ہفتے کی ڈیڈ لائن دیدی۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز وفد کے ہمراہ چین کے 4 روزہ سرکاری دورے پرچینی صوبے سنکیانگ کے دارلحکومت ارومچی پہنچ گئی ہیں جہاں ارومچی بین الاقوامی ایئر پورٹ پرچین کے اعلیٰ عہدیداروں اور سفارتی حکام نے ان کا پُر تپاک استقبال کیا۔قبل ازیں ان کی لاہور ایئرپورٹ سے روانگی کے موقع پر پنجاب حکومت کے اعلیٰ حکام، چین کے قونصل جنرل سن یان بھی انہیں الوداع کرنے کیلئے موجود تھے ۔ مریم نواز شریف نے وہاں پہنچ کر شِن جِیانگ سٹیٹ گیسٹ ہاؤس کے کانفرنس سینٹر کُنلُن ہال سے مصروفیات کا آغاز کیا۔ اُن سے چین کے صوبے سنکیانگ کے پارٹی سیکرٹری چن شیاؤجیانگ نے ملاقات کی۔ اس موقع پر کمیونسٹ پارٹی سنکیانگ یغور کے ڈپٹی سیکرٹری ہی ژونگ یو،کمیونسٹ پارٹی کے ہیڈ آف پبلسٹی ڈیپارٹمنٹ وانگ جین زن، ایگزیکٹو وائس گورنر آف سنکیانگ یغور زانگ ینگ چن اورصوبائی ڈپٹی سیکرٹری جنرل کمیونسٹ پارٹی لی کی یونگ بھی موجود تھے۔
ملاقات میں زراعت، آبپاشی اور لائیو سٹاک سمیت مختلف شعبوں میں شراکت داری کو فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا ۔ وزیراعلیٰ نے چینی حکام کو ایگریکلچر میکانائزیشن، واٹر ایفی شینٹ،ایریگیشن اور لائیوسٹاک میں اشتراک کار کی پیشکش بھی کی ۔وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ پنجاب زرعی پیداوار کے لحاظ سے پاکستان کا سب سے بڑا صوبہ ہے اورملک بھر میں گندم، مکئی، گنا اور چاول کی ضروریات پورا کرنے کیلئے اہم کردار ادا کررہا ہے ، پنجاب کارپوریٹ زون فارمنگ میں صوبے سنکیانگ کے تجربات سے مستفید ہونا چاہتا ہے ،پنجاب حکومت چین کے ساتھ زراعت، صنعت، معدنیات اور نئی ٹیکنالوجی کے شعبوں میں مزیدوسعت دینے کی خواہاں ہیں۔ دورہ چین پر روانگی سے قبل وزیراعلیٰ پنجاب نے لاہور میں اعلیٰ سطح خصوصی اجلاس کی صدارت کی جس میں انہیں امن وامان بارے بریفنگ دی گئی۔اجلاس میں ڈولفن پولیس کا آپریشنل کنٹرول متعلقہ پولیس سٹیشن سے منسلک کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
اس موقع پر پنجاب پولیس کو باڈی کیم سے لیس کرنے کیلئے 30ستمبر کی ڈیڈ لائن مقرر کی گئی۔ وزیراعلیٰ نے بچوں اور خواتین کیخلاف کرائم کے مکمل کنٹرول کیلئے پلان طلب کر لیا جبکہ قیدی وینز میں جی پی ایس اورکیمرے نصب کرنے کی منظوری دی اور قیدیوں کے فرار کے واقعات پر سخت کارروائی کا حکم دیا۔ انہوں نے کرپشن کیلئے بدنام پولیس افسروں کو ایس ایچ او نہ لگانے اور کرپٹ پولیس آفیشل کیخلاف سخت رویہ اپنانے کی ہدایت کی جبکہ شیخوپورہ میں جرائم کے مکمل خاتمے کیلئے آپریشن کلین اپ کا حکم دیا۔ آئی جی پنجاب نے اجلاس کو بریفنگ میں بتایا کہ صوبے میں جرائم کی مجموعی صورتحال میں واضح کمی آرہی ہے ۔ مریم نواز شریف نے اجلاس سے خطاب میں کہا کہ بچے اورخواتین میری ریڈ لائن ہیں،ان کے خلاف جرائم پرکسی کو معاف نہیں کیا جائے گا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments