سینیٹ :بانی پی ٹی آئی کی صحت پر حکومت ،اپوزیشن میں نوک جھوک

سینیٹ :بانی پی ٹی آئی کی صحت پر حکومت ،اپوزیشن میں نوک جھوک

عر صہ بعد احتجاج، بائیکاٹ، واک آؤٹ کے بغیر ایوان کی کارروائی جاری رہی دونوں جانب سے ایک دوسرے پر الزامات، تنقید ،تلخی کے باوجود ایجنڈا مکمل

اسلام آباد (اپنے رپورٹر سے )ایوان بالا میں اپوزیشن کی جانب سے کورم کی نشاندہی کے خدشے کے پیش نظر حکومتی ارکان نے حاضری یقینی بنائی تاکہ اپوزیشن کی جانب سے کسی بھی وقت کورم کی نشاندہی کئے جانے کی صورت میں کورم مکمل ہو، جس میں حکومت کامیاب  رہی ، اجلاس کے دوران اپوزیشن اور حکومتی ارکان کے مابین نوک جھونک جاری رہی اور دونوں جانب سے ایک دوسرے پر تنقید اور طنز کے نشتر بھی چلائے جاتے رہے ، تاہم طویل عر صہ بعد ایوان کا ماحول مجموعی طور پر خوشگوار رہا اور بغیر احتجاج، بائیکاٹ یا واک آؤٹ کے اجلاس کی کارروائی جاری رہی اور ایجنڈا مکمل کرلیا گیا۔بانی پی ٹی آئی کی صحت کے معاملے پر پی ٹی آئی کی سینیٹر مشعال اور سینیٹر عبدالقادر نے حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ نواز شریف کو جیل میں علاج معالجے کی سہولیات میسر تھیں اور انہیں ہسپتال بھی لے جایا گیا تھا۔ اس پر مسلم لیگ (ن) کے سینیٹر ناصر بٹ نے کہا کہ پی ٹی آئی بانی کی صحت پر سیاست کر رہی ہے اس سلسلے میں جھوٹ بھی بول رہی ہے ۔ناصر بٹ کے جواب پر پی ٹی آئی کے دیگر ارکان بھی یک زبان ہوکر بولنے لگے ، جبکہ ناصر بٹ سمیت حکومتی ارکان بھی اپنی نشستوں سے جوابی ردعمل دیتے رہے ۔بعد ازاں دونوں جانب سے ایک دوسرے کو تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔ اجلاس کے دوران پی ٹی آئی کی ایک سینیٹر ایک بار پھر بانی پی ٹی آئی کی تصویر اٹھا لائیں اور اسے اپنے سامنے رکھ دیا۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...