وفاقی وزارتِ صحت کا پمز سمیت تمام سرکاری ہسپتالوں میں جامع فائر سیفٹی آڈٹ کا حکم
اسلام آباد(دنیا نیوز)وفاقی وزارتِ صحت کا پمز سمیت تمام سرکاری ہسپتالوں میں جامع فائر سیفٹی آڈٹ کا حکم، وزارتِ صحت کے زیرِ انتظام تمام ہسپتالوں میں فائر سیفٹی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا جائے گا۔
ہسپتالوں میں فائر ڈیٹیکشن، الارم سسٹم اور فائر فائٹنگ آلات کی جانچ کی ہدایت کی گئی ہے ۔ ایمرجنسی راستوں اور ایگزٹ روٹس کی دستیابی بھی فائر سیفٹی آڈٹ کا حصہ ہو گی۔ بجلی اور دیگر ممکنہ آتشزدگی کے خطرات کا بھی تفصیلی جائزہ لیاجائیگا۔ انسانی جان یا املاک کیلئے خطرے کی باعث خامیاں فوری دور کرنے کی ہدایت کی گئی ہے ۔تمام ہسپتال آڈٹ شروع ہونے ، متعلقہ کمپنی اور تکمیل کی متوقع تاریخ سے وزارتِ صحت کو آگاہ کریں گے ۔ اسلام آباد ہیلتھ کیئر ریگولیٹری اتھارٹی کو سرکاری و نجی ہسپتالوں میں فائر سیفٹی آڈٹ یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے ۔آئی ایچ آر اے سرکاری و نجی طبی اداروں میں فائر سیفٹی آڈٹ کی تصدیق کرے گا، فائر سیفٹی آڈٹ کی تعمیل سے متعلق جامع رپورٹ وزارتِ قومی صحت کو جمع کرانے کا حکم دیتے ہوئے ہدایت کی گئی ہے کہ وزارتِ صحت کی فائر سیفٹی معاملے کو ترجیح دیتے ہوئے فوری اقدامات کئے جائیں۔ فائر سیفٹی آڈٹ احکامات پمز، پولی کلینک، ایف جی ہسپتال اور شیخ زید ہسپتال لاہور ،سی ای او، اسلام آباد ہیلتھ کیئر ریگولیٹری اتھارٹی، ڈی ایچ او اسلام آباد ، ڈائریکٹر نرم اور ڈائریکٹر بی ایچ ایس پی کراچی کو بھی جاری کئے گئے ہیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments