سکھر حیدرآباد موٹروے پربھی وفاقی حکومت فوری توجہ دے ،شرجیل
کراچی (سٹاف رپورٹر) سندھ کے سینئر وزیر اور وزیر برائے اطلاعات، ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ کراچی تا روہڑی 480 کلومیٹر ریلوے ٹریک کی اپ گریڈیشن ایک اہم منصوبہ ہے ، تاہم سکھر حیدرآباد موٹروے بھی سندھ کے لیے اتنا ہی اہم منصوبہ ہے۔۔۔
جس پر وفاقی حکومت کو فوری توجہ دینی چاہیے ۔ ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ سندھ کے بڑے شہروں اور صنعتی و تجارتی مراکز کے درمیان بہتر روڈ رابطے معاشی ترقی کے لیے ناگزیر ہیں، جبکہ حیدرآباد سکھر موٹروے کاروباری سرگرمیوں کے فروغ، سفری سہولیات اور تجارتی رابطوں میں بہتری کے لیے انتہائی اہمیت رکھتی ہے ۔ سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا کہ سکھر حیدرآباد موٹروے کی تکمیل سے نہ صرف سندھ کے مختلف علاقوں کے درمیان سفری رابطے بہتر ہوں گے بلکہ تجارت، زراعت، صنعت اور روزگار کے مواقع کو بھی فروغ ملے گا۔ انہوں نے کہا وفاقی حکومت کو سندھ کے اہم روڈ اور ریلوے منصوبوں کو یکساں ترجیح دینی چاہیے ، ریلوے ٹریک کے ساتھ سکھر حیدرآباد موٹروے پر بھی عملی پیش رفت ضروری ہے ، سندھ کے عوام طویل عرصے سے حیدرآباد سکھر موٹروے کے منتظر ہیں، اس لیے منصوبے کے حوالے سے محض اعلانات کے بجائے واضح اور عملی پیش رفت ہونی چاہیے ۔ انہوں نے کہا وفاقی حکومت حیدرآباد سکھر موٹروے کے معاملے پر سندھ کے عوام کو واضح ٹائم لائن دے ، کیونکہ بڑے روڈ منصوبے صرف سفری سہولت کا ذریعہ نہیں ہوتے بلکہ روزگار، تجارت، زراعت اور صنعت کے فروغ میں بھی بنیادی کردار ادا کرتے ہیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments