آر ایل این جی کی عدم دستیابی، کارگو پہنچنے میں تاخیر، بجلی کی پیداوار میں کمی : رات کو لوڈشیڈنگ پر معذرت : وزارت توانائی
3 ہزار 600 میگاواٹ بجلی کی کمی کے باعث رات کوڈیڑھ سے 3 گھنٹے تک عارضی لوڈ مینجمنٹ کی گئی ،بجلی کی طلب پوری کرنے کیلئے فرنس آئل پلانٹس بھی چلائے گئے :ترجمان پاور ڈویژن آر ایل این جی کے کارگو پہنچتے ہی رات کے اوقات میں لوڈ مینجمنٹ کم کر دی جائے گی ،صارفین ان اوقات میں بجلی کا استعمال اعتدال میں رکھیں تاکہ بندش کم رہے :جاری اعلامیہ
اسلام آباد (دنیا نیوز،اے پی پی)ترجمان پاور ڈویژن نے کہا ہے کہ آر ایل این جی کی عدم دستیابی اور کارگو پہنچنے میں تاخیر سے گزشتہ شب بجلی کی پیداوار متاثر ہوئی اور 3 ہزار 600 میگاواٹ بجلی کی کمی کا سامنا کرنا پڑا ،جس کی وجہ سے رات کے پیک آورز میں ڈیڑھ سے تین گھنٹے تک عارضی لوڈ مینجمنٹ کرنا پڑی، رات کے پیک آورز میں بجلی کی طلب پوری کرنے کیلئے فرنس آئل پلانٹس بھی چلائے گئے تاکہ ملک میں رات کے اوقات میں بجلی کی ڈیمانڈ کو پورا کیا جاسکے۔
ہفتہ کو وزارت توانائی (پاور ڈویژن)کے ترجمان نے جاری اعلامیہ میں مزید کہا کہ آر ایل این جی کی عدم دستیابی کی بنا پر رات کے اوقات میں عارضی لوڈ منیجمنٹ پر معذرت خواہ ہیں،جیسے ہی آر ایل این جی کے کارگو پہنچتے ہیں رات کے اوقات میں عارضی لوڈ مینجمنٹ کم کر دی جائے گی،صارفین رات کے پیک آورز میں بجلی کا استعمال اعتدال میں رکھیں تاکہ لوڈ مینجمنٹ کم رہے ، دن کے اوقات میں ملک بھر میں کوئی لوڈ مینجمنٹ نہیں کی جارہی۔ترجمان کے مطابق نقصانات والے علاقوں میں بھی مقررہ شیڈول کے مطابق بجلی کی فراہمی جاری رکھی جا رہی ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments