جاری دھرنے 25 کروڑ عوام کے جذبات کی ترجمانی، اپوزیشن ساتھ دے : حافظ نعیم
آج راولپنڈی کا جلسہ روکا تو سڑکیں بند کردینگے ، 3 ستمبر کی ہڑتال حکمرانوں کیلئے نوشتہ دیوار :امیر جماعت اسلامی حکمرانوں کی نااہلی اور کرپشن کے باعث پمز میں 14 بچے انتقال کرگئے :لاہور دھرنے سے خطاب، پریس کانفرنس
لاہور (سٹاف رپورٹر،سیاسی نمائندہ،مانیٹرنگ ڈیسک)جماعت اسلامی پاکستان کا پٹرولیم لیوی اور مہنگائی کے خلاف لاہور میں مال روڈ چیئرنگ کراس پر دھرنا 14ویں روز بھی جاری رہا، مرد و خواتین کی بڑی تعداد نے شرکت کی،شرکاء نے مطالبات کے حق میں نعرے بازی کی۔ امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے دھرنے کے شرکاء اور پریس کانفرنس سے خطاب،سوشل میڈیا پر اپنے ایک بیان میں کہا کہ دھرنوں اور احتجاج کی صورت میں تاریخی جدوجہد پورے ملک میں شروع ہوچکی، جاری دھرنے 25 کروڑ عوام کے جذبات کی ترجمانی ہے ،اپوزیشن ساتھ دے ،راولپنڈی لیاقت باغ میں آج کا جلسہ روکا گیا تو شہر کی سڑکیں بند کردیں گے ، 3 ستمبر کی ہڑتال حکمرانوں کیلئے نوشتہ دیوار بن جائے گی ۔ دھرنے سے امیر جماعت اسلامی لاہور ضیاء الدین انصاری ،امیر جماعت اسلامی وسطی پنجاب محمد جاوید قصوری نے بھی خطاب کیا۔
حافظ نعیم الرحمن نے مزید کہا کہ حکمرانوں کی بے حسی کے خلاف جدوجہد جاری رہے گی، اپوزیشن کو احتجاج میں شرکت کی دعوت دیتے ہیں،عوام ن لیگ ، پی پی ، ایم کیو ایم کو مسترد کر چکے ،پوری قوم پر ایک مافیا مسلط ہے اور ایک طبقہ مختلف سیاسی جماعتوں میں موجود رہ کر پورے نظام کو خراب کررہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ حکمران طبقہ عوام کے حقوق پر پٹرولیم لیوی کی شکل میں ڈاکا ڈال رہا ہے ،عالمی مارکیٹ میں پٹرول کی قیمتیں کم ہونے کے باوجود حکومت نے عوام کو ریلیف نہیں دیا ، سرکاری طبقے کا مفت پٹرول ختم کیا جائے تو ملک کو 380 ارب روپے کا فائدہ ہوگا، مریم نواز کا 11 ارب روپے مالیتی جہاز اور چیئرمین سینیٹ کی گاڑی فروخت کرکے بھی عوام کو ریلیف دیا جاسکتا ہے ، اگر حکومت لیوی ختم نہیں کرسکتی تو جماعت اسلامی بھی دھرنے ختم نہیں کرے گی ،اسلام آباد لانگ مارچ کی کال بھی جلد دی جائے گی ، ہم طویل دھرنوں کیلئے تیار ہیں ۔
حافظ نعیم الرحمن نے پمز کے واقعے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ حکمرانوں کی نااہلی اور کرپشن کے باعث 14 بچے انتقال کرگئے ، یہ کسی ایک فرد کے استعفے کا مسئلہ نہیں بلکہ پورے نظام کی ناکامی ہے ،عوام کی نمائندہ حکومت نہیں بلکہ فارم 47 والے حکمران ہیں اور بڑی جدوجہد کے ذریعے حکمرانوں کو پیچھے دھکیلنا ہوگا ،اپوزیشن عوامی مسائل پر جماعت اسلامی کا ساتھ دے ۔ امیر جماعت اسلامی نے کہاہے جب ملک میں بجلی کی مجموعی پیداواری صلاحیت 49 ہزار میگاواٹ ہے اور استعمال صرف 20 سے 22 ہزار میگاواٹ ہے تو پھر 4 ہزار میگاواٹ شارٹ فال کے کیا معنی ہیں؟۔ اگر شارٹ فال ہے تو پھر آئی پی پیز کو سیکڑوں ارب سالانہ کی کیپسٹی پیمنٹ کس بات کی ہورہی ہے ؟۔
ملک میں بدترین لوڈشیڈنگ حکومت کی نااہلی اور بیڈ گورننس کا شاہکار ہے ،حکمران مفت بجلی ، پٹرول ، بڑی اور مہنگی گاڑیوں کی عیاشیاں بند کرکے قوم کو ریلیف دیں ۔ حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ اطلاع ملی ہے لیاقت باغ کو تالے لگا دئیے گئے ہیں اور وہاں آج جلسے کی اجازت نہیں دی جارہی، حکومت لیاقت باغ میں جلسے کی اجازت دے ، پرامن جلسہ کی اجازت نہ ملی تو لاہور میں وزیراعلیٰ ہاؤس، دیگر صوبوں میں گورنر ہاؤسز کے باہر روزانہ مارچ ہوگا، ہم نکل پڑے تو کوئی روک نہیں سکے گا، حکمران ہوش کے ناخن لیں، ملک کسی انتشار کا متحمل نہیں ہوسکتا، مطالبات تسلیم نہ ہونے کی صورت میں جماعت اسلامی اپنی تحریک کا دائرہ کار مزید وسیع کرتی جائے گی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments