اسلام آباد کے دیہی علاقے 42 یونین کونسلز میں تقسیم، آبادی 7 لاکھ 80 ہزار : حلقہ بندیوں کی ابتدائی فہرست تیار
ترلائی، کھنہ ڈاک، کورال، سہالہ، روات، لوہی بھیر، سواں گارڈن ،بحریہ ٹاؤن سمیت مختلف علاقے نئی حلقہ بندیوں میں شامل حلقہ بند یاں ، جغرافیائی ساخت، علاقوں کی یکجہتی، انتظامی حدود ، آبادی کے تناسب ، مقررہ کوٹے کے تحت کی گئی :الیکشن کمیشن
اسلام آباد (نیوز رپورٹر)الیکشن کمیشن آف پاکستان نے اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کیلئے حلقہ بندیوں کی ابتدائی فہرست تیار کرلی، جس کے مطابق تحصیل اسلام آباد کی ٹاؤن کارپوریشن III کو مجموعی طور پر 42 یونین کونسلز میں تقسیم کیا گیا ہے۔ ٹاؤن کارپوریشن III میں وفاقی دارالحکومت کے دیہی علاقے شامل ہیں، جن کی مجموعی آبادی 7 لاکھ 80 ہزار 610 نفوس ہے ۔ ابتدائی فہرست میں ہر یونین کونسل میں شامل انتخابی علاقوں، مردم شماری بلاکس اور آبادی کی تفصیلات فراہم کی گئی ہیں۔الیکشن کمیشن کے مطابق متعدد یونین کونسلز کی حلقہ بندی جغرافیائی ساخت، علاقوں کی یکجہتی، انتظامی حدود اور آبادی کے تناسب کو مدنظر رکھتے ہوئے مقررہ کوٹے سے معمولی کمی بیشی کے ساتھ کی گئی ہے۔
ترلائی، کھنہ ڈاک، کورال، سہالہ، روات، لوہی بھیر، سواں گارڈن ،بحریہ ٹاؤن سمیت مختلف علاقے نئی حلقہ بندیوں میں شامل کیے گئے ہیں۔الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری ابتدائی فہرست کے مطابق مذکورہ حلقہ بندیاں فارم 8 میں دیئے گئے قاعدہ 19 کے تحت مرتب کی گئی ہیں۔ کمیٹی نے متعدد یونین کونسلز کے ساتھ نوٹ بھی منسلک کئے ہیں کہ جسمانی خصوصیات، کسی موضع یا گاؤں میں مضبوطی اور یکسانیت برقرار رکھنے کیلئے بعض یونین کونسلز کو مقررہ آبادی کے کوٹے سے معمولی کم یا زیادہ حد بند کیا گیا ہے ۔ فہرست پر ڈی ای سی و کنوینر ڈیلیمیٹیشن کمیٹی اسلام آباد شاہین غزل، کمیٹی ارکان محمد ارسلان جویا اور عاصفہ خورشید کے دستخط ہیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments