پسے ہوئے طبقات کی فلاح ملکی ترقی کا اصل معیار، وزیر خزانہ
سب سے نازک طبقے کو سہارا دینے تک حقیقی ترقی کا خواب ادھورا رہے گا، اورنگزیب
کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک) وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب اور وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے نارتھ ناظم آباد کراچی میں سیفی اسپتال کے کارڈیک ونگ کی افتتاحی تقریب میں شرکت کی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے کہا کہ صحت کے شعبے میں سرمایہ کاری پاکستان کے مستقبل میں سرمایہ کاری ہے ، سیفی اسپتال کا نیا کارڈیک ونگ کراچی کے عوام کو بروقت اور عالمی معیار کی امراض قلب کی طبی سہولیات کی فراہمی کی جانب اہم قدم ہے ، یہاں جدید کیتھیٹرائزیشن لیبز سمیت اعلیٰ معیار کی تشخیصی و طبی سہولیات موجود ہیں۔انہوں نے کہا اسپتال صرف عمارت اور طبی آلات کا نام نہیں، ڈاکٹروں، نرسوں اور معاون عملے کی مہارت، لگن اور ہمدردی ہی اصل فرق پیدا کرتی ہے، معیاری صحت کی سہولیات تک رسائی بڑھانے اور سرکاری نظام صحت پر دباؤ کم کرنے میں نجی اداروں کا کردار اہم ہے۔
انہوں نے کہا کمیونٹی اقدامات اور عالمی معیار کی طبی مہارت کا امتزاج پاکستان کے شعبئہ صحت کے لیے ایک اہم ماڈل ہے۔ انہوں نے بوہری برادری کی دیرینہ سماجی خدمات اور عوامی فلاح میں نمایاں کردار کی تعریف کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان میں صحت کی سہولیات تک رسائی بہتر بنانے اور معاشرتی فلاح کے لیے بوہری برادری کی مسلسل کاوشیں قابل تحسین ہیں۔ سینیٹر محمد اورنگزیب نے کہا صحت کو محض سماجی اخراجات کے بجائے پاکستان کے سب سے قیمتی قومی اثاثے یعنی عوام میں سرمایہ کاری سمجھنا چاہیے ، صحت مند آبادی زیادہ پیداواری صلاحیت، مضبوط انسانی سرمایہ اور بہتر معاشی لچک کا باعث بنتی ہے۔ انسانیت کی خدمت اور اجتماعی کاوشوں پر مبنی اقدامات معاشرے پر دیرپا اثرات مرتب کر سکتے ہیں۔
اس موقع پر وزیر خزانہ نے کارڈیک ونگ کے قیام میں تعاون کرنے والی کمیونٹی، اسپتال انتظامیہ، طبی ماہرین اور تمام متعلقہ افراد کو خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ سیفی اسپتال کا کارڈیک ونگ کراچی میں مرکز امتیاز بنے گا اور ملک بھر کے دیگر اداروں کے لیے مثال قائم کرے گا۔ انہوں نے کہا کسی بھی قوم کی صحت کا اندازہ اس کی دولت نہیں بلکہ اس کے کمزور طبقے کے ساتھ سلوک سے ہوتا ہے، ہمیں اپنے سب سے نازک اور مشکل وقت میں کمزور ترین شہریوں کے تحفظ کو اولیت دینا ہوگی، صرف معاشی اعداد و شمار نہیں بلکہ غریب اور پسے ہوئے طبقات کی فلاح ملکی ترقی کا اصل معیار ہے۔
معاشی استحکام کے ثمرات عام آدمی، بالخصوص معاشرے کے مستحق اور کمزور ترین طبقات تک پہنچانا ہمارا عزم ہے، جب تک ہم اپنے سب سے نازک طبقے کو سہارا نہیں دیں گے حقیقی قومی اور معاشی ترقی کا خواب ادھورا رہے گا، ریاست اور معاشرے کی ذمہ داری ہے کہ کمزور اور مستحق شہریوں کیلئے سہارا فراہم کیا جائے ۔ انہوں نے کراچی کو روشنیوں، امیدوں اور بے پناہ صلاحیتوں کا شہر قرار دیتے ہوئے کہا کہ کراچی کے عوام اور یہاں کی معیشت ملکی بقا اور ترقی کیلئے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں، شہر کی معاشی سرگرمیوں اور عوام کی صلاحیتوں سے ملکی ترقی کو مزید مستحکم کیا جاسکتا ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments