آئی ورک فار سندھ مکمل ڈیجیٹل سسٹم
کراچی(سٹاف رپورٹر)سندھ کے سینئر وزیر اور وزیر اطلاعات، ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ آئی ورک فار سندھ نوجوانوں کے لیے ایک مکمل ڈیجیٹل کیریئر ایکو سسٹم بن چکا ہے، جہاں نوجوانوں کو روزگار کے مواقع، جدید کورسز اور اپنی صلاحیتوں کو عالمی مارکیٹ سے ہم آہنگ کرنے کے لیے مختلف سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔
ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ پلیٹ فارم پر فعال ملازمتوں کے مواقع 16 ہزار 200 سے بڑھ کر 19 ہزار 973 ہوگئے ہیں، جبکہ رجسٹرڈ امیدواروں کی تعداد ایک لاکھ 21 ہزار تک پہنچ چکی ہے ۔ اسی طرح جابز پوسٹ ہونے کی تعداد 23 ہزار 400 سے بڑھ کر 26 ہزار 890 ہوگئی ہے ، جو پلیٹ فارم کی مسلسل ترقی اور نوجوانوں کی بڑھتی دلچسپی کا واضح ثبوت ہے ۔شرجیل میمن نے کہا آئی ورک فار سندھ پر اب تک 4 لاکھ 57 ہزار سے زائد جاب اپلیکیشنز جمع ہونا سندھ کے نوجوانوں کی عملی شمولیت اور روزگار کے حصول کے عزم کو ظاہر کرتا ہے۔
سندھ حکومت کا مقصد صرف نوجوانوں کو ملازمتیں فراہم کرنا نہیں بلکہ انہیں جدید معیشت کے تقاضوں کے لیے تیار کرنا ہے ،لرن اینڈ ارن پروگرام کے تحت کورسز مکمل کرنے والے نوجوانوں کی تعداد بھی 2 ہزار 735 سے بڑھ کر 3 ہزار 270 ہوگئی ہے، جبکہ ایک ہزار 200 سے زائد بین الاقوامی کورسز کے ذریعے سندھ کے نوجوانوں کو عالمی روزگار کی مارکیٹ کے لیے تیار کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا سندھ حکومت کا مقصد نوجوانوں کو صرف نوکری تلاش کرنے والا نہیں بلکہ نوکری کے قابل بنانا ہے۔
اسی سلسلے میں اے آئی آٹو سی وی کریئٹر جیسی جدید سہولت متعارف کرائی گئی ہے ، جو نوجوانوں کو مصنوعی ذہانت اور جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے اپنی صلاحیتوں اور تجربے کو مؤثر انداز میں دنیا کے سامنے پیش کرنے کا موقع فراہم کر رہی ہے ۔ شرجیل میمن نے کہا سندھ حکومت مواقع نوجوانوں تک پہنچا رہی ہے اور ان کی صلاحیتوں کو روزگار سے جوڑنے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے ۔سندھ حکومت کا عزم ہے کہ نوجوانوں کے لیے روزگار کا راستہ صرف روایتی دفتر تک محدود نہ رہے بلکہ ڈیجیٹل پلیٹ فارم کے ذریعے بھی روزگار کے مواقع ان کی دہلیز تک پہنچیں۔ آئی ورک فار سندھ اسی وژن کے تحت نوجوانوں کو تعلیم، تربیت، ہنر اور روزگار کے مواقع سے جوڑنے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments