نئے صوبے انتظامی تقاضوں کے پیش نظر بننے چاہئیں، علیم خان
اسلام آباد (نیوز رپورٹر) وفاقی وزیر مواصلا ت عبدالعلیم خان نے نئے صوبوں کے حوالے سے وفاقی وزیر احسن اقبال کے مؤقف کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ مختلف جماعتوں سے تعلق رکھنے والے سیاسی اکابرین کی جانب سے اس اہم قومی معاملے پر مثبت اور مدلل گفتگو خوش آئند ہے۔
ایکس پر جاری پیغام میں احسن اقبال کے موقف کو سراہتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ امر قابل اطمینان ہے کہ قومی سطح کے سیاسی رہنما نئے صوبوں کے قیام کے حوالے سے مثبت سوچ رکھتے ہیں۔ نئے صوبے لسانی یا ثقافتی بنیادوں کے بجائے انتظامی تقاضوں اور عوامی سہولت کو مدنظر رکھتے ہوئے بننا چاہئیں، نئے صوبوں کا معاملہ کسی ایک سیاسی جماعت کا نہیں بلکہ ملک اور عوام کے مستقبل کا اہم مسئلہ ہے ، تمام سیاسی جماعتوں کو نئے صوبوں کی بحث کو سیاسی پوائنٹ سکورنگ کے بجائے منطقی انجام تک پہنچانے کے لیے سنجیدہ کردار ادا کرنا ہوگا۔عبدالعلیم خان نے کہا کہ پنجاب اور خیبر پختونخوا کی دو بڑی اسمبلیاں نئے صوبوں کے حق میں قراردادیں منظور کر چکی ہیں جبکہ سندھ میں 1972 سے رورل اور اربن کوٹے کی تقسیم بھی رائج ہے ۔ انہوں نے کہا ملک کو تقریباً 80 سال بعد اپنے انتظامی ڈھانچے کو موجودہ اور مستقبل کی ضروریات کے مطابق ازسرنو ترتیب دینے کی ضرورت ہے ، استحکام پاکستان پارٹی اس معاملے پر ہر سیاسی جماعت اور ہر فریق کے پاس جانے اور سب کی رائے سننے کے لیے تیار ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments