سندھ حکومت ملوث نہیں تو بتائے رکاوٹیں کون کھڑی کررہا : سہیل آفریدی

 سندھ حکومت ملوث نہیں تو بتائے رکاوٹیں کون کھڑی کررہا : سہیل آفریدی

سندھ مہمان نوازی کیلئے مشہور ، راستے بند کرنا اور رکاوٹیں کھڑی کرنا روایت نہیں،27ستمبر کو تاریخی مارچ ہوگا عوام اپنے مستقبل کے فیصلے خود کریں:وزیراعلیٰ کے پی کامختلف مقامات پرخطاب،سٹریٹ موومنٹ قافلہ کراچی پہنچ گیا

حیدرآباد،کراچی (نیوزایجنسیاں )تحریک انصاف کی سندھ سٹریٹ موومنٹ کا قافلہ پانچ روزہ دورے کے چوتھے روز حیدرآباد پہنچا، جہاں حیدر چوک پر پی ٹی آئی کی جانب سے ریلی کا انعقاد کیا گیا۔ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی سمیت مرکزی اور صوبائی قیادت نے خطاب کیا، جس کے بعدرات گئے قافلہ کراچی پہنچا ۔کراچی میں سکیورٹی کے پیش نظر پولیس نے مزار قائد اور اطراف کے علاقوں میں سخت سکیورٹی انتظامات کئے اور مزار قائد کی جانب جانے والے متعدد راستے کنٹینرز لگا کر بند کردئیے گئے تھے ۔ پولیس نے پی ٹی آئی کراچی کے صدر فہیم خان کو سکیورٹی صورتحال سے آگاہ کرتے ہوئے شاہراہ قائدین جانے کیلئے روٹ تبدیل کرنے کی ہدایت کی تھی۔ پی ٹی آئی ترجمان کے مطابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا قافلے کی صورت میں کراچی ٹول پلازا سے سہراب گوٹھ، لیاقت آباد فلائی اوور، گرومندر، مزار قائد اور شاہراہ قائدین پہنچے ، جہاں انہوں نے کارکنوں سے خطاب کیا۔ پی ٹی آئی قیادت کے مطابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کی قیادت میں قافلہ عمرکوٹ سے میرپورخاص، ٹنڈوالہیار، ٹنڈوجام اور حیدرآباد پہنچا، جہاں مختلف مقامات پر کارکنوں اور عوام نے قافلے کا استقبال کیا۔پی ٹی آئی رہنماؤں نے دعویٰ کیا کہ قافلے کی پیش قدمی روکنے کیلئے مختلف مقامات پر سڑکوں پر رکاوٹیں اور خندقیں کھودی گئیں جبکہ میرپورخاص میں ٹریفک اور ریلوے پھاٹک بند کیے گئے ، تاہم قافلہ متبادل راستوں سے سفر جاری رکھتے ہوئے حیدرآباد پہنچنے میں کامیاب رہا۔

ٹنڈوجام ٹول پلازا پر کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے بلاول بھٹو زرداری کو مخاطب کرتے ہوئے کہا وہ تسلیم کریں کہ ان کے ساتھ جو کچھ ہورہا ہے ، سندھ حکومت کررہی ہے ، اگر سندھ حکومت اس میں ملوث نہیں تو بتایا جائے کہ راستوں میں یہ رکاوٹیں کون کھڑی کررہا ہے ۔ سندھ مہمان نوازی کی روایت کیلئے مشہور ہے ، راستے بند کرنا اور رکاوٹیں کھڑی کرنا سندھ کی روایت نہیں۔ ایسا لگتا ہے کہ مخالفین نہیں چاہتے کہ وہ کراچی پہنچیں، تاہم راستے میں جتنی بھی رکاوٹیں ڈال دی جائیں، وہ کراچی لازمی پہنچیں گے ۔ انہوں نے کارکنوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ رکاوٹوں کے باوجود جس جوش و جذبے کے ساتھ عوام نے قافلے کا استقبال کیا وہ قابل تحسین ہے ۔ 27 ستمبر کو تاریخی مارچ ہوگا اور سندھ کے عوام نے گزشتہ چند روز کے دوران پی ٹی آئی قیادت کا استقبال کرکے اپنے سیاسی شعور کا اظہار کیا ہے ۔ عوام کو اپنے مستقبل کے فیصلے خود کرنا ہوں گے اور آئین و قانون کی بالادستی، بنیادی حقوق اور ملک کے روشن مستقبل کیلئے اپنا سیاسی کردار ادا کرنا ہوگا۔انہوں نے وفاقی اکائیوں کے درمیان نفرت اور بداعتمادی پیدا کرنے والے بیانات سے گریز پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے تمام صوبے ملک کا حصہ ہیں اور قومی یکجہتی کو مضبوط کرنا سب کی ذمہ داری ہے۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...