توانائی مصنوعات کی درآمدمیں کمی سے خلیجی ممالک کیساتھ تجارتی خسارہ کم

 توانائی مصنوعات کی درآمدمیں کمی سے خلیجی ممالک کیساتھ تجارتی خسارہ کم

یو اے ای، سعودی عرب اور اردن کو پاکستانی برآمدات میں اضافہ ،قطر، کویت،بحرین کو برآمدات میں کمی ریکارڈ مشرقِ وسطیٰ سے درآمدات میں 44.3 فیصد کمی ،برآمدات5.6فیصد اضافے کیساتھ 271.60 ملین ڈالر رہیں

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک )پاکستان کا خلیجی ممالک کے ساتھ تجارتی خسارہ رواں مالی سال کے پہلے ماہ، جولائی میں نمایاں طور پر کم ہوا ہے جس کی بنیادی وجہ خطے سے درآمدات میں بڑی کمی جبکہ برآمدات میں معمولی اضافہ ہے ۔سٹیٹ بینک آف پاکستان کے مرتب کردہ اعداد و شمار کے مطابق جولائی 2026 میں مشرقِ وسطیٰ کے لیے پاکستان کی برآمدات پانچ اعشاریہ چھ فیصد اضافے کے ساتھ 271.60 ملین ڈالر رہیں جو گزشتہ سال جولائی میں 257.16 ملین ڈالر تھیں۔متحدہ عرب امارات، سعودی عرب اور اردن کو پاکستانی برآمدات میں اضافہ ہوا جبکہ قطر، کویت اور بحرین کو برآمدات میں کمی ریکارڈ کی گئی۔دوسری جانب جولائی میں مشرقِ وسطیٰ سے پاکستان کی درآمدات 44.3 فیصد کی نمایاں کمی کے بعد 879.98 ملین ڈالر رہیں جبکہ گزشتہ سال اسی ماہ یہ 1.578 ارب ڈالر تھیں۔درآمدات میں اس کمی کی بڑی وجہ توانائی کی خریداری میں کمی بتائی گئی ہے۔

پاکستان نے جولائی کے دوران متحدہ عرب امارات، کویت اور قطر سے پٹرولیم مصنوعات اور مائع قدرتی گیس (ایل این جی) کی درآمد میں نمایاں کمی کی تاہم بحرین اور اردن سے توانائی کی درآمد میں اضافہ ہوا۔ پورے مالی سال 2025-26 کے دوران بھی مشرقِ وسطیٰ سے پاکستان کی درآمدات میں تقریباً چار فیصد کمی ریکارڈ کی گئی اور یہ 17.097 ارب ڈالر سے کم ہو کر 16.413 ارب ڈالر رہیں۔ اسی عرصے میں مشرقِ وسطیٰ کے لیے پاکستانی برآمدات بھی دو فیصد سے زیادہ کم ہوئیں اور 3.152 ارب ڈالر کے مقابلے میں 3.093 ارب ڈالر رہیں۔توانائی شعبے کے ماہر فرحان محمود نے بی بی سی اردو سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ ‘خلیجی ممالک کے ساتھ پاکستان کے تجارتی خسارے میں کمی کی سب سے بڑی وجہ قطر سے گیس کی درآمد میں کمی ہے ۔’ان کے مطابق پاکستان پہلے قطر سے روزانہ 700 ایم ایم سی ایف ڈی گیس درآمد کرتا تھاجو اب کم ہو کر 450 ایم ایم سی ایف ڈی رہ گئی ہے۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...