نئے صوبوں کے بجائے انتظامی یونٹس پر بحث ہونی چاہیے :خواجہ آصف
اسلام آباد (آن لائن)وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ ملک میں نئے صوبوں کے بجائے انتظامی یونٹس کے قیام کی بحث ہونی چاہیے ، اسلام آباد کو وفاقی علاقہ رکھا جاسکتا ہے اور ممکن ہے مزید ایک دو وفاقی علاقے بھی بنائے جائیں۔۔۔
جو براہ راست وفاق کے زیر انتظام ہوں جبکہ اٹھارہویں ترمیم کے تحت اختیارات کی نچلی سطح تک منتقلی کو مزید مضبوط کرنے کی ضرورت ہے ۔میڈیاسے گفتگوکے دوران انہوں نے کہاکہ موجودہ بحث میں کہیں بھی صوبوں کا لفظ استعمال نہیں ہورہا بلکہ انتظامی یونٹس کی بات کی جارہی ہے ، نہیں معلوم کہ صوبوں کا لفظ کہاں سے آیا۔ بعض افراد کو پنجاب میں مزید صوبے بننے پر اعتراض نہیں لیکن اپنے اپنے علاقوں میں صوبے بننے پر اعتراض ہوسکتا ہے ۔ مسلم لیگ ن نے انتظامی یونٹس کے معاملے پر ابھی تک کوئی متفقہ اجلاس کرکے رائے کا اظہار نہیں کیا، تاہم پارٹی رہنماؤں کی انفرادی آرا سامنے آرہی ہیں۔ وہ خود بھی طویل عرصے سے اس بات کے حامی ہیں کہ اٹھارہویں ترمیم میں کی گئی اختیارات کی منتقلی پر عملدرآمد ہونا چاہیے ۔ اب وقت آگیا ہے کہ اسے مزید مضبوط کیا جائے تاکہ اختیارات ضلعی اور شہری حکومتوں کو منتقل ہوسکیں۔ اٹھارہویں ترمیم کی اصل روح اور سپرٹ پر عملدرآمد ہونا چاہیے ، تاہم وقت کے ساتھ اسے مزید مؤثر بنانے کی ضرورت ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments