ساڑھے 7 لاکھ میٹرک ٹن گندم درآمد کرنے کی منظوری

 ساڑھے 7 لاکھ میٹرک ٹن گندم درآمد کرنے کی منظوری

ٹی سی پی کا عالمی سپلائرز سے خریداری کیلئے بین الاقوامی ٹینڈر جاری

کراچی (سٹاف رپورٹر) ملک میں گندم کی طلب پوری کرنے اور ممکنہ قلت پر قابو پانے کیلئے حکومت نے 7 لاکھ 50 ہزار میٹرک ٹن گندم درآمد کرنے کی منظوری دے دی، جس کے بعد ٹریڈنگ کارپوریشن آف پاکستان (ٹی سی پی) نے عالمی سپلائرز سے گندم کی  خریداری کیلئے بین الاقوامی ٹینڈر جاری کردیا۔ درآمدی گندم صوبوں کی طلب اور ضرورت کے مطابق تقسیم کی جائے گی۔ٹی سی پی کے ٹینڈر کے مطابق گندم تازہ ترین فصل کی ہونی چاہیے جبکہ کم از کم 50 ہزار میٹرک ٹن کی پیشکش قابل قبول ہوگی۔ گندم کراچی اور گوادر کی بندرگاہوں پر سی ایف آر بنیاد پر درآمد کی جائے گی۔ عالمی سپلائرز اپنی بولیاں 16 ستمبر 2026ء کو صبح 11:30 بجے تک جمع کراسکیں گے ، جو اسی روز دوپہر 12 بجے کھولی جائیں گی۔منصوبے کے تحت مجموعی 7 لاکھ 50 ہزار ٹن گندم میں سے سندھ کو 3 لاکھ، پنجاب کو 2 لاکھ 50 ہزار اور خیبرپختونخوا کو 2 لاکھ ٹن فراہم کیے جائیں گے ۔اعدادوشمار کے مطابق پاکستان میں گندم کی سالانہ کھپت تقریباً 3 کروڑ 13 لاکھ ٹن ہے جبکہ اقتصادی سروے 2025-26ء کے مطابق گزشتہ مالی سال گندم کی پیداوار 2 کروڑ 96 لاکھ 10 ہزار ٹن رہی۔ معاشی ماہرین کے مطابق جولائی 2026ء کے پہلے ہفتے تک پاسکو کے پاس تقریباً 17 لاکھ 83 ہزار ٹن گندم موجود تھی، تاہم نئی فصل کی آمد اور صوبائی ضروریات کے پیش نظر حکومت کو طلب و رسد کا توازن برقرار رکھنے کا چیلنج درپیش ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...