راولپنڈی میں گرین بس نے 9سالہ طالبہ کو کچل دیا
حادثہ اڈیالہ روڈ پر ہوا ، مشتعل شہریوں کا پتھراؤ ،گاڑی کے شیشے توڑ ڈالے وزیراعلیٰ پنجاب کا بچی کی موت پر اظہار رنج و غم ، کمشنر راولپنڈی سے رپورٹ طلب
راولپنڈی(خبرنگار ،این این آ ئی )راولپنڈی میں گرین الیکٹرک بس کی موٹر سائیکل کو ٹکر کے نتیجے میں موٹر سائیکل پر والد کے ساتھ بیٹھی 9 سالہ طالبہ جاں بحق ہوگئی، لوگوں نے بس کے شیشے توڑ ڈالے اور اسے آگ لگادی جو فوری طور پر بجھادی گئی، ڈرائیور کو گرفتار کرلیا گیا، پولیس نے پتھراؤ کرنیوالے 13 افراد کو بھی حراست میں لے لیا ۔ یونیفارم میں طالبہ کی افسوس ناک موت پر شہری مشتعل ہوگئے ، الیکٹرک بسوں پر شدید پتھرا ؤکرتے ہوئے شیشے توڑ ڈالے اور ڈرائیور کو یرغمال بناکر زخمی کردیا۔مظاہرین نے ایک بس کے عقبی حصہ میں آگ بھی لگا دی جسے بجھا دیاگیا ۔ چیف ٹریفک آفیسر فرحان اسلم اور ایس پی صدر انعم شیر بھاری پولیس نفری کے ساتھ موقع پر پہنچے اور زخمی ڈرائیور اور جاں بحق بچی کو ہسپتال منتقل کروایا ۔ کہکشاں کالونی کے رہائشی حامد مقبول اپنی بیٹیوں 9 سالہ عائشہ اور دوسری بیٹی کو سکول سے واپس لے کر جارہے تھے کہ اڈیالہ روڈ منور کالونی کے سامنے گرین الیکٹرک بس کی ٹکر سے حادثہ پیش آیا اور 9 سالہ بچی عائشہ موٹر سائیکل سے گر کر بس کے نیچے آکر کچلی گئی اور موقع پر دم توڑ گئی۔ پولیس حکام کے مطابق واقعہ کی تحقیقات جاری ہیں ۔ حادثے میں جاں بحق ہونیوالی طالبہ ایف جی گرلز سکول میں زیر تعلیم تھی۔وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے معصوم بچی کے جاں بحق ہونے پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا اور افسوس ناک واقعہ پر کمشنر راولپنڈی سے رپورٹ طلب کرلی،انہوں نے کہا بچی کی موت کے ذمہ داروں کو قانون کے کٹہرے میں لائیں گے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments