کراچی وزیر داخلہ کا اچانک دورہ،3تھانیدار وں سمیت5افسر اور عملہ معطل

کراچی وزیر داخلہ کا اچانک دورہ،3تھانیدار وں سمیت5افسر اور عملہ معطل

ضیاء الحسن لنجارکا فیروز آباد ، عزیز بھٹی ، شارع فیصل ،ڈیفنس اور درخشاں پولیس اسٹیشنوں کا معائنہ،میئربھی ساتھ تھے پولیس رولز کی خلاف ورزیوں کانوٹس، چھوٹا منشی ہو یا بڑا منشی، سب کو قانون و ضابطے کے مطابق کام کرنا ہوگا،وزیرداخلہ

کراچی(اسٹاف رپورٹر) صوبائی وزیر داخلہ و قانون ضیاء الحسن لنجار نے شہر کے مختلف تھانوں کا اچانک دورہ کرکے پولیس کی کارکردگی،افسران و اہلکاروں کی حاضری، یونیفارم میں ڈیوٹی اور شہریوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیا۔میئر کراچی مرتضیٰ وہاب بھی وزیر داخلہ کے ہمراہ تھانوں کے دوروں میں موجود رہے ۔وزیر داخلہ نے اچانک دوروں کا آغاز تھانہ فیروز آباد سے کیا، جہاں انہوں نے تھانے کے مختلف شعبوں،حوالات اور دیگر انتظامات کا معائنہ کیا۔اس موقع پر تھانے میں موجود شہریوں سے ان کے مسائل اور پولیس سے متعلق شکایات دریافت کیں اور متعلقہ افسران کو شہریوں کی شکایات کے فوری ازالے اور انہیں ہر ممکن ریلیف فراہم کرنے کی ہدایت کی۔ضیاء الحسن لنجار نے حوالات میں زیرِ حراست افراد سے بھی پولیس کے رویے اور انہیں فراہم کی جانے والی سہولیات کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔وزیر داخلہ نے تھانوں میں پولیس افسران و اہلکاروں کی حاضری اور یونیفارم میں ڈیوٹی کی انجام دہی کو یقینی بنانے پر سختی سے زور دیتے ہوئے کہا کہ پولیس اہلکاروں کو اپنی ڈیوٹی یونیفارم میں انجام دینا ہوگی، وردی کے بغیر ڈیوٹی کسی صورت قابلِ قبول نہیں۔پولیس رولز کی خلاف ورزی پر تھانہ فیروز آباد کے ایس آئی او کو معطل کرنے کے احکامات جاری کیے گئے ۔بعد ازاں وزیر داخلہ نے تھانہ عزیز بھٹی کا دورہ کیا، جہاں پولیس رولز کی خلاف ورزی پر ایس ایچ او اور دیگر عملے کو معطل کرنے کے احکامات جاری کیے ۔

وزیر داخلہ نے تھانہ شارع فیصل کا بھی اچانک معائنہ کیا، جہاں پولیس رولز کی خلاف ورزی پر ایس ایچ او کی معطلی اور تنزلی جبکہ دیگر عملے کو معطل کرنے کے احکامات دیئے ۔اسی طرح تھانہ ڈیفنس کے دورے کے دوران بھی پولیس رولز کی خلاف ورزی پر ایس ایچ او کو معطل کردیا۔علاوہ ازیں تھانہ درخشاں کے دورے کے دوران بھی پولیس رولز کی خلاف ورزی پر ایس آئی او کو معطل اور دیگر 6 اہلکاروں کے خلاف بھی تفصیلات طلبی کے احکامات جاری کیے ۔ضیاء الحسن لنجار نے واضح کیا کہ عوام کے ساتھ پولیس کے رویے میں بہتری اور شہریوں کی شکایات کا فوری ازالہ ہر صورت یقینی بنایا جائے ۔انہوں نے کہا کہ پولیس کے فرائض کی انجام دہی میں کسی قسم کی غفلت، لاپروائی یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی، تھانوں کے نظام میں کسی قسم کی اجارہ داری یا من مانی نہیں چلے گی، چھوٹا منشی ہو یا بڑا منشی، سب کو قانون اور ضابطے کے مطابق کام کرنا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ وہ آئندہ بھی تھانوں کے اچانک دورے کریں گے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...