نام نہاد ریلیف پیکیج ناکافی،لیوی کا خاتمہ کیا جائے :حافظ نعیم
مارچ کو غیر جمہوری ہتھکنڈوں سے روکا تو حالات کی ذمہ دار حکومت ہوگی پی ٹی آئی سمیت سب کو احتجاج کا حق ملنا چاہیے :امیر جماعت اسلامی،خطاب
لاہور، کراچی (دنیا نیوز، مانیٹرنگ ڈیسک، این این آئی) امیر جماعتاسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ وزیراعظم کا نام نہاد پٹرول ریلیف پیکیج ناکافی ہے ، پٹرولیم لیوی کا مکمل خاتمہ کیا جائے ۔ امید ہے حکومت اسلام آباد لانگ مارچ کی راہ میں رکاوٹیں نہیں کھڑی کرے گی، غیر جمہوری ہتھکنڈے استعمال کئے گئے تو حالات کی ذمہ داری حکومت پر ہوگی۔ پی ٹی آئی سمیت تمام سیاسی جماعتوں کو احتجاج کا آئینی حق ملنا چاہیے ۔مال روڈ پر پٹرولیم لیوی کیخلاف دھرنے کے 30ویں روز پریس کانفرنس کرتے ہوئے حافظ نعیم نے کہا کہ ملک کے 40 مقامات پر دھرنے جاری ہیں، 20 ستمبر کو ملک بھر سے قافلے اسلام آباد پہنچیں گے ۔ سود میں 3 فیصد کمی سے قومی خزانے کو 1700 ارب روپے کا فائدہ ہوسکتا ہے ، جس سے غریب عوام سے سالانہ 1566 ارب روپے سے زائد وصول کی جانے والی پٹرولیم لیوی ختم کی جاسکتی ہے ۔ حکومت بینک مافیا کے منافع میں کمی نہیں کرنا چاہتی، حالانکہ سود کم کرنے سے مہنگائی میں اضافہ نہیں ہوگا۔انہوں نے کہا جماعت اسلامی کی تجاویز پر عملدرآمد سے وفاق سینکڑوں ارب روپے بچا سکتا ہے ۔ چند آئل ریفائنریز درآمد شدہ اور مقامی ریفائن تیل کی قیمتیں یکجا کرکے عوام کو لوٹ رہی ہیں، یہ سلسلہ روکا جائے ۔ حکمران مراعات کم اور آئی پی پیز سے ناجائز معاہدے ختم کریں۔حافظ نعیم نے کہا حکومت کے پاس جماعت اسلامی کی تجاویز کا کوئی مدلل جواب نہیں، مذاکرات کیلئے مزید ایک روز کی مہلت مانگی گئی ہے ، اب مذاکرات آج ہوں گے ۔ لاہور، پشاور اور کراچی کے دھرنوں کو 30 روز ہوگئے ، اپوزیشن جماعتوں کے کارکن بھی شریک ہیں۔ جماعت اسلامی اسلام آباد پہنچ کر مطالبات کی منظوری تک جدوجہد جاری رکھے گی۔انہوں نے کہا ممکن ہے آئندہ چند روز میں پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے ملاقات ہوجائے ، پی ٹی آئی کی طرح پیپلزپارٹی بھی جماعت اسلامی کے دھرنوں کی حمایت کر رہی ہے ۔دریں اثنا کراچی میں جماعت اسلامی کے کارکنوں نے پٹرولیم لیوی کیخلاف اونٹوں پر سوار ہوکر احتجاج کیا اور قافلہ گورنر ہاؤس کے باہر دھرنے میں پہنچ گیا۔ کیماڑی سے آنے والے قافلے میں شتربان اور اونٹ سوار شامل تھے ۔ مظاہرین نے پٹرول کی قیمتوں اور مہنگائی کیخلاف پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے ۔ ان کا کہنا تھا کہ گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں میں پٹرول ڈلوانا عام آدمی کے بس سے باہر ہوگیا ہے ۔ ایئرپورٹ ناتھا خان اور نارتھ کراچی پاور ہاؤس سے گورنر ہاؤس تک پیدل احتجاجی مارچ بھی کیا گیا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments