حکومت ریلیف ڈرامہ بند کر ے ،20ستمبر کو مارچ :حافظ نعیم
لیوی ختم کرنے کی بجائے ن لیگ حکومت عوام کو لائنوں میں کھڑا کرنا چاہتی ہے پی ٹی آئی کے احتجاج کی حمایت کرتے ہیں:امیر جماعت اسلامی ،خطاب
لاہور،کراچی (دنیا نیوز،مانیٹرنگ ڈیسک)امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ حکومت ریلیف کا ڈرامہ بند اور پٹرولیم لیوی ’’بھتہ ‘‘ختم کرے ،جماعت اسلامی 20 ستمبر کو اسلام آباد مارچ کرے گی، مختلف شہروں میں جاری دھرنے بھی ختم نہیں کئے جائیں گے ، 17ستمبر کو اسلام آباد مارچ کے حوالے سے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے ،حکومت کو لیوی بھتہ ٹیکس ختم کرنا ہوگا، ،ہم پی ٹی آئی کے احتجاج کے آئینی و جمہوری حق کی حمایت کرتے ہیں ۔امیر جماعت اسلامی پاکستان نے لاہور ،کراچی میں پریس کانفرنس اور گورنر ہاؤس سندھ کے سامنے پٹرولیم لیوی کے خلاف جاری دھر نے کے 31ویں روز جلسہ عام سے خطاب کرتے مزید کہا کہ حکومت لیوی کے نام پر غنڈہ گردی کر رہی ہے اور فی لٹر 135 روپے بھتہ لے رہی ، ہم حکومت کو پالیسی ریٹ 3 فیصد کم کرنے کے فوائد سے آگاہ کر چکے اور لیوی کم کرنے کے حوالے سے فارمولا بھی دیا ہے ،سٹیٹ بینک کی جانب سے پالیسی ریٹ برقرار رکھنا افسوسناک ہے ،حکومت دعویٰ کرتی ہے کہ مہنگائی کم کر دی لیکن بلند شرح سود سے مزید قرض بڑھے گا۔انہوں نے کہا کہ حکومت نے 25 ارب روپے کا ریلیف دیا ، قوم کو لائنوں میں لگا کر کوئی احسان نہیں کیا جا رہا ،حکومت نے ریلیف پیکج کا اعلان کر کے اس کے اشتہارات پر کروڑوں روپے خرچ کر دیئے۔
امیر جماعت اسلامی نے حکومت پر واضح کیا کہ جماعت اسلامی پرامن اسلام آباد مارچ کے جمہوری و آئینی حق سے دستبردار ہوگی نہ ہی کنٹینر عوام کا راستہ روک سکیں گے ، میر رضا قتل کیس نے سندھ حکومت کو بے نقاب کر دیا ، سندھ حکومت کے حالیہ بلدیاتی ترمیمی بل 2026کو مسترد کرتے ہیں، ہم نے پی ٹی آئی کے 27ستمبر کے مارچ کے اعلان سے قبل احتجاجی تحریک اور جدو جہد شروع کی تھی۔حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ حکومت کے عائد کردہ لیوی بھتہ ٹیکس کا پٹرول کی قیمت سے کوئی تعلق نہیں ، موجودہ حالات میں حکومت کو چاہیے تھا لیوی کم کرکے قیمتیں نہ بڑھنے دیتی، جس سے عوام کو فائدہ ہوتا ،یہ شریف خاندان کا وطیرہ ہے کہ ان کے بیورو کریٹس مشورے دے کر قوم کو بیوقوف بناتے ہیں ، حکومت کے پاس لیوی بھتہ ٹیکس ختم کرنے کے علاوہ کوئی دوسرا آپشن نہیں ۔ حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ گیارہ سو ارب روپے کا جہاز لیکر مریم نواز کس کے پیسوں سے گئی تھیں ، مریم نواز عین اس وقت اپنی بیٹی کی گریجوشن کی تقریب میں گئیں جب پنجاب میں 50فیصد سے زائد بچے نویں جماعت میں فیل ہوگئے ، قوم کو جاہل بنارہی ہیں اور اپنے بچوں کو لندن میں گریجویشن کروارہی ہیں ، اگر مریم نواز نے ذاتی خرچہ بھی کیا ہے تو جہاز تو سرکار کا استعمال کیا ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments