انڈونیشین نیوی کے سربراہ کی نیول چیف سے ملاقات، دوطرفہ تعاون بڑھانے کا عزم
اسلام آباد:(دنیا نیوز) انڈونیشین بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ڈاکٹر محمد علی نے نیول ہیڈکوارٹرز اسلام آباد کا دورہ کیا جہاں آمد پر انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ایڈمرل ڈاکٹر محمد علی نے یادگارِ شہداء پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ بعد ازاں انہوں نے نیول چیف ایڈمرل نوید اشرف سے ملاقات کی۔
ترجمان پاک فوج کا کہنا تھا کہ ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی بحری سلامتی اور دوطرفہ بحری تعاون سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔
اِسی طرح دونوں جانب سے تربیت، باہمی دوروں اور مشترکہ بحری مشقوں کے ذریعے پاکستان اور انڈونیشیا کے درمیان بحری تعاون کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق انڈونیشین نیوی کے سربراہ نے علاقائی بحری سلامتی کے لیے پاک بحریہ کی کاوشوں کو سراہا۔
مزید برآں ملاقات میں اس امر پر بھی زور دیا گیا کہ باہمی رابطوں اور عملی تعاون کے ذریعے دونوں ممالک کی بحری افواج کے درمیان تعلقات کو مزید مستحکم کیا جائے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments