پاکستان اورلبنان کا سکیورٹی میں تعاون بڑھانے پر اتفاق
محسن نقوی سے لبنانی وزیرخارجہ کی ملاقات، فوکل پرسن مقررکرنے کافیصلہ دوطرفہ مذاکرات میں سفارتی اور سرکاری پاسپورٹس پر ویزا فری انٹری کی تجویز
اسلام آباد (اے پی پی)وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے لبنان کے وزیر داخلہ احمد الحجار نے ملاقات کی، جس میں دوطرفہ سکیورٹی تعاون، انسدادِ دہشت گردی اور باہمی تعلقات کے استحکام پر جامع بات چیت ہوئی۔ لبنانی وزیر داخلہ کی وزارتِ داخلہ آمد پر محسن نقوی نے ان کا پرتپاک خیرمقدم کیا، جس کے بعد دونوں وزرا کے درمیان پہلے ون آن ون اور پھر وفود کی سطح پر مذاکرات ہوئے ۔مذاکرات میں دہشت گردی، منشیات کی سمگلنگ، غیر قانونی امیگریشن، منی لانڈرنگ اور سائبر کرائمز کے موثر سدباب کے لیے باہمی اشتراک کو وسعت دینے پر اتفاق کیا گیا۔ دونوں ممالک نے دہشت گردوں اور ڈرگ مافیا کی سرکوبی کے لیے انٹیلی جنس شیئرنگ کو مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
جبکہ پولیس اکیڈمیز اور ٹریننگ پروگرامز کے لیے باہمی تعاون، علاقائی صورتحال اور خطے میں پائیدار امن کے لیے پاکستان کی کاوشوں پر بھی گفتگو ہوئی۔فریقین نے دونوں وزارتوں کے درمیان باہمی تعاون کے فروغ کے لیے جلد ایک مفاہمتی یادداشت پر دستخط کرنے اور دوطرفہ تعاون بڑھانے کے لیے باقاعدہ فوکل پرسن مقرر کرنے کا فیصلہ کیا۔ اس کے علاوہ انسدادِ منشیات کے شعبے میں موجودہ مفاہمتی یادداشت پر مکمل عملدرآمد کی یقین دہانی کرائی گئی جبکہ دونوں ممالک کے درمیان سفارتی اور سرکاری پاسپورٹس پر ویزا فری انٹری کی سہولت فراہم کرنے کی تجویز پر بھی غور کیا گیا۔ لبنانی وزیر داخلہ نے پاکستان میں شاندار مہمان نوازی پر شکریہ ادا کیا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments