عوام نے خوف کی زنجیریں توڑ دیں:سہیل آفریدی
سمجھ نہیں آتی اتنا خوف کیوں ، میاں عثمان کے گھر آمد،چھاپے کی شدید مذمت چادر دیواری کا تقدس پامال کرنیکی یہ جرات کیسے کرتے ؟ خطاب، سیالکوٹ پہنچ گئے
لاہور (سیاسی نمائندہ،مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی لاہور میں پی ٹی آئی رہنما میاں اکرم عثمان کی رہائشگاہ گئے ، اہلخانہ سے ملاقات میں پولیس کے چھاپے اور توڑ پھوڑ کی شدید مذمت کی۔ ملاقات کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے انہوں نے پنجاب پولیس اور مقامی انتظامیہ کی کارروائیوں پر شدید تنقید کرتے کہا کہ انکی جرات کیسے ہوتی ہے کہ یہ اس طرح چادر اور چار دیواری کا تقدس پامال کرتے ہیں؟ گھروں میں خواتین اور بچوں کی موجودگی کے باوجود ایسی کارروائی کسی صورت قبول نہیں،صرف سیاسی سرگرمی کرنے کے جرم میں ایسا کیا جاتا ہے ، ملک میں کیا آمریت ہے ؟ دریں اثنا سہیل آفریدی کی زیر صدارت پنجاب کے پارلیمینٹیرینز کا اجلاس ہوا، لاہور میں سٹریٹ موومنٹ کے سلسلے میں عوامی رابطہ جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔ ایم پی ایز، ایم این اے اور سینیٹر سمیت دیگر پارٹی رہنماؤں نے شرکت کی ، سہیل آفریدی نے خطاب کرتے کہا کہ لاہور کے عوام بغیر کسی کال کے سڑکوں پر نکلے۔
بعد ازاں سہیل آفریدی نے شاہ جمال سے سٹریٹ موومنٹ کا آغاز کیا، انکے قافلے کے راستے میں اچھرہ مارکیٹ بند رہی،مختلف مقامات پر کارکن قافلے میں شامل ہوتے رہے ۔ مزنگ، جین مندر، ایم اے او کالج، سیکرٹریٹ، مال روڈ، ہال روڈ اور دیگر علاقوں سے قافلہ گزرا۔ پولیس نے ہال روڈ میں داخلے سے سے رو کا تو وزیراعلیٰ پیدل وہاں داخل ہوئے ، مال روڈ پر خطاب کرتے انہوں نے پنجاب میں مبینہ سول مارشل لا، جمہوری اقدار کی پامالی اور سیاسی کار کنوں کیخلاف کارروائیوں پر تنقید کرتے کہا کہ عوام نے خوف کی زنجیریں توڑ دی ہیں، اگر صرف تین گھنٹے جلسے کی اجازت دے دی جائے ، راستے بند نہ کیے جائیں اور گرفتاریاں نہ ہوں تو لاہور کے عوام کی بڑی تعداد میں سڑکوں پر نکل آئیں گے ۔ سہیل آفریدی بعد ازاں دو روزہ دورہ لاہور مکمل کرکے موٹروے سے سیالکوٹ چلے گئے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments