برآمد کنندگان کو درپیش رکاوٹیں دور کی جائیں:وزیر اعظم
برآمدات میں اضافے کو معاشی ترقی کی بنیاد بنایا جائے :اجلاس سے خطاب
اسلام آباد(نامہ نگار)وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ برآمدات میں اضافے کو ملکی معاشی ترقی کی بنیاد بنایا جائے اور روایتی شعبوں کے ساتھ ساتھ مزید شعبوں کو بھی عالمی منڈیوں میں برآمدات کے لیے تیار کیا جائے ، ملکی برآمدات بڑھانے اور معاشی ترقی کی رفتار تیز کرنے کے حوالے سے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ تجارت کو متنوع بنانے کے لیے زیادہ سے زیادہ شعبوں اور صنعتوں کو برآمدی سرگرمیوں میں شامل کیا جائے ،پاکستانی مصنوعا ت کے معیار کو عالمی معیار کے مطابق بنانے ، کوالٹی اشورنس کے نظام کو مؤثر بنانے اور بین الاقوامی معیار و ضوابط پر مکمل عملدرآمد یقینی بنانے کے لیے مؤثر اقدامات لیے جائیں۔برآمدات میں ویلیو ایڈیشن پر خصوصی توجہ دی جائے تاکہ پاکستانی مصنوعات کی عالمی منڈی میں قدر اور مسابقت دونوں میں اضافہ ہو۔وزیراعظم نے برآمدی صنعتوں کے لئے جدید ٹیکنالوجی، تحقیق اور جدت کو فروغ دینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ملکی معیشت کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لیے ڈیجیٹلائزیشن اور جدید ٹیکنالوجی سے بھرپور استفادہ کیا جائے ،برآمد کنندگان کو درپیش انتظامی اور کاروباری رکاوٹیں دور کی جائیں اور برآمدی عمل کو مزید آسان، تیز اور شفاف بنایا جائے۔
اجلاس میں برآمدات کے فروغ کیلئے منظور شدہ سٹرٹیجک روڈ میپ پر عملدرآمد سے متعلق پیشرفت پر بریفنگ دی گئی اور نئی عالمی منڈیوں تک رسائی، برآمدی شعبوں میں تنوع، مصنوعات کے معیار میں بہتری اور کاروباری سہولت کاری کے حوالے سے مختلف تجاویز کا جائزہ لیا گیا ،اجلاس میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار، وفاقی وزراء رانا تنویر حسین، جام کمال خان، ڈاکٹر مصدق مسعود ملک، احد خان چیمہ، محمد اورنگزیب، مشیر وزیراعظم ہارون اختر، وزیر مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی اور متعلقہ اداروں کے اعلیٰ افسر شریک تھے ،دریں اثنا وزیراعظم سے چیئرمین نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر ملک نے ملاقات کی اوروزیراعظم کو حالیہ مون سون سیزن میں شدید بارشوں اور ممکنہ سیلابی صورتحال سے نبرد آزما ہونے کے لئے پیشگی انتظامات پر بریف کیا،علاوہ ازیں وزیراعظم شہبازشریف سے گورنرخیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے ملاقات کی اور صوبے کے مجموعی سیاسی حالات، امن و امان، اور باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔
وزیرِ اعظم نے اس بات کا اعادہ کیا کہ وفاقی حکومت خیبر پختونخوا کی ترقی اور صوبے کے عوام کی فلاح و بہبود کے لیے کام جاری رکھے گی، ملاقات میں وفاق اور صوبے کے درمیان ہم آہنگی اور عوامی مسائل کو حل کرنے کے لیے مزید کوششوں پر بھی زور دیا گیا۔ملاقات میں وفاقی وزیر برائے امورِ کشمیر و گلگت بلتستان انجینئر امیر مقام اور وزیرِ اعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثناء اللہ بھی موجود تھے ،مزید برآں وزیراعظم محمد شہبازشریف نے گورنرخیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی حکومت خیبر پختونخوا کی ترقی اور صوبے کے عوام کی فلاح و بہبود کے لیے کام جاری رکھے گی۔ گورنرخیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے وزیراعظم سے ملاقات کی۔ملاقات کے دوران صوبے کے مجموعی سیاسی حالات، امن و امان، اور باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments