اسلام آباد ہائیکورٹ نے لانگ مارچ سے قبل پی ٹی آئی رہنماؤں کو ہراساں اور گرفتار کرنے سے روک دیا
اسلام آباد(اپنے نامہ نگارسے )اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس انعام امین منہاس نے 27 ستمبر لانگ مارچ سے قبل ہراساں کرنے کے معاملہ پر پی ٹی آئی اسلام آباد کے رہنماؤں شعیب شاہین، ملک عامر علی اور دیگر کو ہراساں اور گرفتار کرنے سے روکتے ہوئے ایس ایس پی آپریشنز کو ذاتی حیثیت میں طلب کرلیا۔
درخواست پر سماعت کے دوران شعیب شاہین، ریاست علی آزاد نے عدالت میں پیش ہو کر کہا کہ لانگ مارچ سے قبل ورکرز کے گھروں پر چھاپے مارے جا رہے ، سامان چوری کر لیتے ہیں۔ ہم بیان حلفی اور سی سی ٹی وی فوٹیج فراہم کر دیتے ہیں۔ گرفتاری اور ہراسانی سے روکنے کا حکم دے کر اگلے ہفتے کی تاریخ رکھ لیں۔ جسٹس انعام امین منہاس نے کہاکہ ایس ایس پی آپریشنز کو بلا کر پوچھ لیتے ہیں، آرڈر بھی کرتے ہیں، عدالت نے احکامات دیتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی۔ علاوہ ازیں اسلام آباد ہائیکورٹ نے پی ٹی آئی رہنما رؤف حسن کا نام ای سی ایل سے نکالنے پر توہین عدالت کی درخواست نمٹا دی۔ ڈپٹی اٹارنی جنرل فیصل عرفان نے عدالت کوبتایاکہ رؤف حسن کا نام سفری پابندی کی فہرست سے نکال دیاگیاہے ، جسٹس راجہ انعام امین منہاس نے درخواست گزار سے کہاکہ آپ کا نام سفری پابندی کی فہرست سے نکال دیا گیا، درخواست نمٹا رہے ہیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments