حکومت سے مذاکرات بے نتیجہ، جماعت اسلامی کا آج سے لانگ مارچ
احتجاج پرامن ، حکومت کوئی ایڈوانچر نہ کرے ،عوام کیلئے نکلے ہیں پیچھے ہٹنے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا:حافظ نعیم سکیورٹی خدشات ،غیرمعمو لی ریلیف دینگے ،لانگ مارچ موخر کر دیں :حکومتی وفد،لیوی ختم کریں:لیاقت بلوچ
لاہور(اپنے کامرس رپورٹر سے)پٹرولیم لیوی کے خاتمے کیلئے جماعت اسلامی کا سپرلانگ مارچ آج سے شروع ہو رہا ہے، حکومت اور جماعت اسلامی کے درمیان مذاکرات کا پانچواں دور بھی ناکام ہوگیا۔ تفصیلات کے مطابق امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ حکمران عیاشیاں، سود اور لیوی ختم نہیں کرسکتے تو ہم کسی صورت اسلام آباد مارچ ختم نہیں کریں گے ، ہماراحتجاج پرامن ہوگا ، حکومت کوئی ایڈوانچر نہ کرے، آج پورے ملک سے قافلے وفاقی دارالحکومت کی طرف روانہ ہوں گے ، حکومت کے پاس کوئی ٹھوس تجویز ہے تو سامنے لائے ،حکومت نے مجبوریاں بتائیں ، ٹھوس دلیل نہیں دی عوام کی تائید سے عوام کے لیے لانگ مارچ کررہے ہیں اور اب پیچھے ہٹنے کا کوئی سوال نہیں۔ دھرنوں کی تعداد مرحلہ وار کم کرنا ہماری حکمت عملی کا حصہ ہے۔
جماعت اسلامی کا کوئی ذاتی ایجنڈا نہیں، پی ٹی آئی کے لیے بھی کنٹینرز نہیں لگائے جانے چاہئیں ان کے احتجاج کی حمایت کرتے ہیں۔ دریں اثنا جماعت اسلامی اور حکومت کے درمیان مذاکرات کا پانچواں دور بھی بے نتیجہ رہا ، حکومت نے سکیورٹی خدشات کے پیش نظر لانگ مارچ مؤخر کرنے کی درخواست کی جسے مسترد کردیا گیا ۔ منصورہ میں ہونیوالے مذاکرات میں حکومتی وفد میں وفاقی وزیر احسن اقبال، سینیٹر رانا ثنااللہ اور صوبائی وزیر خواجہ سلمان رفیق شریک ہوئے جبکہ جماعت اسلامی کے وفد میں نائب امیر لیاقت بلوچ، قائم مقام سیکرٹری جنرل نذیر احمد جنجوعہ، معاون خصوصی عمیر ادریس، امیر جماعت اسلامی لاہور ضیاالدین انصاری اور سیکرٹری اطلاعات شکیل احمد ترابی شامل تھے۔
حکومتی وفد نے مذاکرات کے دوران سکیورٹی خدشات کا حوالہ دیتے ہوئے جماعت اسلامی سے لانگ مارچ ملتوی کرنے کی درخواست کی۔حکومتی نمائندوں نے یقین دہانی کرائی کہ عوام کو جلد غیر معمولی ریلیف دینے کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں گے ۔ حکومتی وفد نے مذاکرات میں کہا کہ حکومت کو عالمی مالیاتی فنڈ کے دباؤ کا سامنا ہے اور آئی ایم ایف کا وفد بھی جلد پاکستان آنے والا ہے ۔نائب امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ نے کہا کہ پٹرولیم لیوی کے خاتمے تک لانگ مارچ لازم ہوگا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments