ریلیف کیلئے وزیراعظم سے ملیں، محسن نقوی کا اپوزیشن کو مشورہ
وفاقی وزیر کی ناصر عباس سے ملاقات،بیرسٹرگوہر بھی شریک،احتجاج نہ کرنے پرزور
اسلام آباد، لاہور (دنیا نیوز،مانیٹرنگ ڈیسک) حکومت اور اپوزیشن کے درمیان اہم رابطہ ہوا ہے جس میں 27 ستمبر کے پی ٹی آئی احتجاج، بانی پی ٹی آئی سے ملاقاتوں کی بحالی اور احتجاج کی کال واپس لینے سمیت مختلف معاملات پر تفصیلی گفتگو ہوئی،وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بانی پی ٹی آئی عمران خان اور اہلیہ بشریٰ بی بی کو ریلیف کیلئے سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر علامہ راجا ناصر عباس کو وزیراعظم سے ملاقات اور احتجاج کی کال واپس لینے کا مشورہ دے دیا۔ ناصر عباس نے حکومت سے رابطے اور ملاقات کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملاقات حکومت کی خواہش پر ہوئی، انہوں نے کسی سے ملاقات کیلئے درخواست نہیں کی تھی۔ذرائع کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور علامہ راجا ناصر عباس کے درمیان ملاقات کرائی۔ ملاقات تقریباً ایک گھنٹہ 15 منٹ جاری رہی جس میں بیرسٹر گوہر بھی شریک تھے ۔ ملاقات ناصر عباس کے ایک رشتہ دار کے گھر ہوئی۔
ذرائع کے مطابق علامہ ناصر عباس نے محسن نقوی سے اپنی رہائشگاہ پر ملنے سے انکار کیا،جس پرملاقات ایف 8میں علامہ ناصر عباس کے قریبی عزیز کی رہائشگاہ پر ہوئی، جہاں 27 ستمبر کے پی ٹی آئی احتجاج اور بانی پی ٹی آئی سے متعلق معاملات پر بات چیت کی گئی۔ذرائع کے مطابق محسن نقوی نے علامہ ناصر کو وزیراعظم سے ملاقات کرنے کی تجویز دی اور کہا کہ اپوزیشن رہنما وزیراعظم سے ملاقات کریں تاکہ اس کے بعد بانی اور بشریٰ کو ریلیف دینے کے معاملے پر پیش رفت ہوسکے ۔ محسن نقوی نے 27 ستمبر کے احتجاج کی کال واپس لینے کی بات بھی کی۔راجا ناصر عباس نے کہا کہ مذاکرات کیلئے بانی سے ملاقاتوں کا سلسلہ بحال کرنا ہوگا۔ راجا ناصر عباس نے محمود خان اچکزئی سے بھی محسن نقوی کی ٹیلیفون پر بات کرائی۔
محسن نقوی نے کہا کہ احتجاج کی کال واپس لینے کے بعد دوبارہ احتجاج نہیں ہونا چاہیے ۔ اس معاملے پر بیرسٹر گوہر نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی سے بھی ملاقات کی جبکہ پیر اور منگل کو احتجاج کے حوالے سے مزید مشاورت کی گئی۔ اپوزیشن اتحاد کے ذرائع کا کہنا ہے کہ 27 ستمبر کے احتجاج کے معاملے پر ملاقات میں کوئی حتمی پیش رفت نہیں ہوسکی اور ملاقات معنی خیز ثابت نہیں ہوئی۔دریں اثنا وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے اپوزیشن لیڈر محمود خان اچکزئی اور قائد حزب اختلاف سینیٹر راجا ناصر عباس سے ملاقاتیں کیں۔ملاقاتوں میں 27 ستمبر کے احتجاج کی کال، آئندہ کے لائحہ عمل اور سیاسی حکمت عملی پر مشاورت کی گئی۔ تینوں رہنماؤں نے جمہوری جدوجہد کو مو ثر انداز میں آگے بڑھانے کے مختلف پہلوؤں پر تبادلہ خیال کیا۔
علامہ ناصر عباس نے اپوزیشن قائدین کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایک اہم وفاقی وزیر کے مطابق پاکستان کا نظام منہدم ہوچکا ہے جبکہ معاشی اور عدالتی نظام مکمل تباہ ہوچکا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت صوبے بنانے کا نیا قدم اٹھا رہی ہے لیکن عوام کا حکومت پر اعتماد نہیں۔اس موقع پر سابق گورنر سندھ زبیر عمر نے کہا وزیراعظم اور مریم نواز نے اڑھائی سال میں ایک بھی انٹرویو نہیں دیا کہ کوئی سوال نہ ہو جائے ،حضرت عمر ؓسے سوال ہو سکتے ہیں تو اس حکومت سے کیوں نہیں،جتنی جلدی ہو سکے اس حکومت کو گرانا ہے ،جتنی جلدی ممکن ہو اس حکومت کو گھر بھیجا جانا چاہیے ،تیمور سلیم جھگڑا نے کہا مریم نواز کا غرور اس کو لے ڈوبے گا اتنا غرور تو فرعون کا بھی نہیں تھا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments