حرمین شریفین کا تحفظ و دفاع پاکستان کیلئے انتہائی اہم:طاہر اشرفی
حالیہ دہشت گردی میں فتنہ الہندوستان،فتنہ الخوارج ملوث،ثبوت،شواہد موجود پاکستانی فلسطین اور سعودی عرب کیساتھ کھڑے ہیں،ازبک میڈیا وفد سے گفتگو
لاہور (سیاسی نمائندہ)وزیراعظم کی قومی پیغامِ امن کمیٹی کے کوآرڈینیٹر حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے کہ پاکستان میں حالیہ دہشت گردی میں فتنہ الہندوستان اور فتنہ الخوارج ملوث ہیں جن کے پیچھے افغانستان اور ہندوستان ہیں، فتنہ الخوارج افغانستان میں بیٹھ کر پاکستان کے خلاف دہشت گردی کر رہا ہے ، جس کے ثبوت اور شواہد موجود ہیں، فلسطین اور سعودی عرب کے حوالے سے پاکستان کا موقف واضح اور دوٹوک ہے ، حرمین شریفین کا تحفظ و دفاع پاکستان کے لیے انتہائی اہم ہے اور پاکستانی عوام فلسطین اور سعودی عرب کے ساتھ کھڑے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے نجی ہوٹل میں ازبک میڈیا نمائندگان کے وفد اور قومی پیغامِ امن کمیٹی کے دیگر ارکان کے ہمراہ ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
طاہر محمود نے کہا کہ افغانستان کو پاکستان کے خلاف دہشت گردی میں ملوث گروہوں کے خلاف مو ثر کارروائیاں کرنی چاہئیں۔ انہوں نے ازبک میڈیا وفد کو کمیٹی کے قیام اور اغراض و مقاصد سے آگاہ کیا۔ازبک میڈیا وفد نے میزبانی پر قومی پیغام امن کمیٹی کا شکریہ ادا کیا۔ملاقات کے موقع پر پیغامِ امن کمیٹی کے ارکان مولانا حافظ مقبول احمد، ڈاکٹر میر محمد آصف اکبر قادری، محمد توقیر عباس، ڈاکٹر مفتی محمد کریم خان، ڈاکٹر علامہ محمد حسین، ڈاکٹر سید ضیا اللہ شاہ بخاری، ڈاکٹر شمس الرحمن، مولانا زبیر فہیم، مفتی مبشر، پنڈت بھگت لعل اور گیانی رنجیت سنگھ بھی موجود تھے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments