حکمران دبئی شیخ محمد بن راشد المکتوم کے بھائی کا انتقال
شیخ احمد بن راشد المکتوم 76برس کے تھے ، 10روزہ سوگ کا اعلان شیخ محمد، شیخ حمدان، آصف زرداری، شہباز شریف اور دیگر کا اظہار افسوس
دبئی،اسلام آباد(سٹاف رپورٹر،نامہ نگار، مانیٹر نگ ڈیسک)دبئی کے حکمران شیخ محمد بن راشد المکتوم کے چھوٹے بھائی شیخ احمد بن راشد المکتوم پیر کی صبح انتقال کرگئے ، جس پر دبئی میں 10روزہ سرکاری سوگ کا اعلان کیا گیا ہے ،جبکہ دبئی میں سرکاری عمارتوں پر پرچم سرنگوں کردئیے گئے ۔شیخ محمد بن راشد المکتوم نے کہا احمد نظروں سے دور ہوگئے لیکن ان کے لیے دعائیں اوردلوں میں ان کی یاد ہمیشہ زندہ رہے گی۔دبئی کے ولی عہد شیخ حمدان بن محمد بن راشد المکتوم نے بھی اپنے چچا کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا ۔شیخ احمد بن راشد المکتوم 76برس کے تھے ۔ ان کی پیدائش 12 جولائی 1950 کو دبئی میں ہوئی تھی۔ وہ راشد المکتوم کے چوتھے اور سب سے چھوٹے بیٹے تھے ۔وہ دبئی پولیس اور پبلک سکیورٹی کے ڈپٹی چیئرمین تھے ۔ اس کے علاوہ وہ مختلف اہم اداروں سے وابستہ رہے ۔ وہ اے آر ایم ہولڈنگ کے گروپ چیئرمین، دبئی ریئل اسٹیٹ سنٹر کے چیئرمین اور الوصل فٹبال کلب کے صدر بھی رہے ۔شیخ احمد بن راشد المکتوم ان عہدوں کے لیے علاوہ فوجی پس منظر بھی رکھتے تھے اور وہ دبئی کی مرکزی فوجی کمانڈ کے کمانڈر بھی رہ چکے تھے ۔صدر آصف علی زرداری نے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہارکیا، وزیراعظم شہباز شریف نے کہا شیخ احمد بن راشد المکتوم نے دبئی اور متحدہ عرب امارات کی خدمت کے لیے اپنی پوری زندگی عزت و وقار کے ساتھ وقف کی۔ پاکستان ان کی گراں قدر خدمات اور یاد کو قدر و احترام سے خراجِ عقیدت پیش کرتا ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments