اسحاق ڈار کی نیو یارک میں فرانسیسی،مصری وزرا خارجہ سے ملاقاتیں
تینوں وزرا ئے خارجہ کا فلسطین ، ایران کی صورتحال،خطے میں سفارتی روابط پر تبادلہ خیال نائب وزیراعظم فلسطینی مبصر ، یو رپی کمیشن کی نائب صدر سے بھی ملے ، قریبی روابط پر اتفاق
اسلام آباد،نیویارک (وقائع نگار، اے پی پی) نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 81ویں اجلاس میں شرکت کے لیے نیویارک پہنچ گئے ۔ دفتر خارجہ سے جاری بیان کے مطابق اسحاق ڈار کی فرانسیسی وزیر برائے یورپ و خارجہ امورجین نیول بیروٹ سے ملاقات ہوئی۔ دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق اسحاق ڈار نے تجارت، سرمایہ کاری ، تعلیمی روابط سمیت مختلف شعبوں میں پاکستان اور فرانس کے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی خواہش کا اعادہ کیا، ملاقات کے دوران فلسطین کی صورتحال بھی زیر بحث آئی، اسحاق ڈار نے مسئلہ فلسطین کے حل اور دو ریاستی حل کے لیے فرانس کی سفارتی کوششوں کو سراہا، فریقین نے ایران کی صورتحال اور خطے میں سفارتی روابط کی اہمیت پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ اسحاق ڈار نے مصر کے وزیر خارجہ ڈاکٹر بدر عبدالعاطی سے ملاقات کی۔دونوں وزرائے خارجہ نے پاکستان اور مصر کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات کا اعادہ کیا اور تجارت و سرمایہ کاری، اقتصادی تعاون، تعلیم، ثقافتی تبادلوں اور عوامی روابط سمیت مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔ملاقات میں مشرق وسطیٰ اور ایران کی موجودہ صورتحال سمیت علاقائی اور عالمی پیش رفت پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں وزرائے خارجہ نے علاقائی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مذاکرات اور سفارت کاری کی اہمیت پر زور دیا۔ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ نے تمام فریقین کی جانب سے اسلام آباد مفاہمتی یادداشت پر مکمل عملدرآمد کی ضرورت پر زور دیا۔ اسحاق ڈار نے اقوام متحدہ کے لیے فلسطین کے مستقل مبصر سفیر ریاض منصور سے ملاقات کی۔نائب وزیراعظم نے فلسطینی کاز اور فلسطینی عوام کے لیے پاکستان کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کیا جس میں فلسطینی عوام کا حقِ خود ارادیت اور ایک آزاد، متصل اور خودمختار فلسطینی ریاست کا ناقابل تنسیخ حق بھی شامل ہے ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس اور تمام متعلقہ فورمز پر اس مسئلے کو بھرپور انداز میں اٹھاتا رہے گا۔ اسحاق ڈار نے یورپی یونین کی خارجہ امور اور سکیورٹی پالیسی کی اعلیٰ نمائندہ اور یو رپی کمیشن کی نائب صدر کاجا کلاس سے ملاقات کی۔ اسحاق ڈارنے کہا کہ پاکستان یورپی یونین کے ساتھ شراکت داری بالخصوص تجارت اور معاشی تعاون کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے ۔انہوں نے یورپی یونین کے ساتھ پاکستان کے تجارتی تعلقات کے حوالے سے جی ایس پی پلس کی اہمیت پر زور دیا۔دونوں رہنمائوں نے علاقائی اور عالمی پیشرفت پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ دونوں رہنمائوں نے باہمی دلچسپی کے امور پر قریبی روابط برقرار رکھنے پر اتفاق کیا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments