سابق نائب امیرجماعت اسلامی حافظ ادریس انتقال کر گئے ،سپردخاک

 سابق نائب امیرجماعت اسلامی حافظ ادریس انتقال کر گئے ،سپردخاک

نماز جنازہ منصورہ میں ادا کی گئی،حافظ نعیم دیگر کا اظہار افسوس

لاہور (سیاسی نمائندہ،دنیا نیوز، آن لائن) جماعت اسلامی پاکستان کے سینئر رہنما و سابق نائب امیر حافظ محمد ادریس81برس کی عمر میں انتقال کر گئے ،وہ چند ہفتوں سے بیمار اور لاہور کے مقامی ہسپتال میں زیر علاج تھے ، ان کی نماز جنازہ گزشتہ روز منصورہ میں ادا کر دی گئی جس میں نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ، نذیر جنجوعہ، اظہر اقبال حسن، ضیا الدین انصاری، جاوید قصوری، ڈاکٹر فرید پراچہ، شکیل ترابی، ذکر اللہ مجاہد، وزیرصحت پنجاب خواجہ سلمان رفیق، رہنما جمعیت اہل حدیث حافظ عبدالغفار روپڑی، مرکزی مسلم لیگ کے وفد سمیت ہزاروں افراد نے شرکت کی۔ بعدازاں مرحوم کوگھر کے قریب واقع مقامی قبرستان مصطفیٰ ٹاؤن میں سپرد خاک کر دیا گیا ۔ دریں اثنا امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن، نائب امیر لیاقت بلوچ، سینئر رہنما ڈاکٹر فرید پراچہ ، جمعیت علمائے اسلام کے امیر مولانا فضل الرحمٰن سمیت دیگر رہنماؤں نے حافظ محمد ادریس کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے ۔ مولانا فضل الرحمٰن نے لیاقت بلوچ کو فون کرکے اظہار افسوس کرتے ہوئے مرحوم کی دینی ملی و قومی خدمات پر خراج عقیدت پیش کیا اور کہا کہ ان کی دینی خدمات کو مدتوں یاد رکھا جائے گا ۔یاد رہے حافظ محمد ادریس طویل عرصے تک جماعت اسلامی کے نائب امیر کے اہم عہدے پر فائز رہے ،دیگر مختلف ذمہ داریاں بھی سرانجام دیں ۔ آپ قرآن، حدیث اور سیرتِ طیبہ کے موضوعات پر متعدد کتب کے بھی مصنف تھے ۔ 

 

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...