تحریک عدم اعتماد میں ساتھ دینگے :مولانا فضل الرحمن
پیپلز پارٹی اپوزیشن کی طرف آئی تو عدم اعتماد سمیت سب آپشنز ہوسکتے ہمارے بغیر حکومت بنتی نہیں ، بن جائے تو چلتی نہیں ، میڈیا سے گفتگو
اسلام آباد(اپنے رپورٹرسے ،دنیا نیوز، مانیٹرنگ ڈیسک، این این آئی)جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ جے یو آئی کے بغیر حکومت بنتی نہیں اور بنے تو چلتی نہیں۔ پیپلزپارٹی حکومت سے الگ ہوتی ہے تو پھر یہ اقلیت کی حکومت ہو گی۔ ابھی اپوزیشن اس صورتحال میں نہیں کہ تحریک عدم اعتماد لائے ، ابھی اس حوالے سے کوئی سوچ نہیں نہ تحریک عدم اعتماد پر غور کیا گیا تاہم تحریک عدم اعتماد آتی ہے تو ساتھ دیں گے ۔ پی پی پی اپوزیشن کی طرف آتی ہے تو پھر عدم اعتماد سمیت سب آپشنز ہوسکتے ہیں۔ صدارتی طرز حکومت آمریت کی علامات ہیں پارلیمانی نظام سیاستدان چلاتے ہیں۔ اسلام آباد کو کنٹینروں سے بھر دیا گیا، کسی کو احتجاج کا حق نہیں دیا جا رہا ہے ۔ایسے رویوں سے ملک کے لیے باغی تو آپ خود بنا رہے ہیں۔ اپنی رہائش گاہ پر جے یو آئی کے دو روزہ اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمن نے مزید کہا کہ پارلیمانی طرز حکومت کو مستحکم نہیں ہونے دیا جا رہا ، معیشت اور مہنگائی سے ہم سب کو مسئلہ ہے ۔جے یو آئی سربراہ نے کہا کہ ہم بار بار کہتے رہے ہیں کہ دو صوبوں میں کوئی حکومتی رٹ نہیں،سندھ میں ڈاکوؤں کا راج ہے جبکہ بلوچستان میں دن دہاڑے بینک لوٹے جا رہے ہیں لیکن انہیں روکنے کے لیے مؤثر نظام نظر نہیں آتا ۔انہوں نے کہا کہ ملک میں مہنگائی بڑھ گئی، عوام کے دکھ کا مداوا نہیں ہورہا، فضل الرحمن نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی بہنوں کو اٹھایا جانا قابل مذمت ہے ، کے پی کے میں کیسی حکومت ہے جس میں ایک وزیر کو گولیاں مار کر اٹھا لیا گیا ۔ڈیرہ اسماعیل خان میں حکومت پی ٹی آئی کی ہے مگر اسے جلسہ کرنے کی اجازت نہیں۔ حکومت احتجاج کرنے والوں سے بات چیت کرے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments