مسلح افواج دہشتگردی کے خاتمے اور پائیدار امن کیلئے پر عزم : فیلڈ مارشل

 مسلح افواج دہشتگردی کے خاتمے اور پائیدار امن کیلئے پر عزم : فیلڈ مارشل

شہدا کی قربانیاں فراموش نہیں کرینگے ،مسلسل چوکس،اعلیٰ ترین آپریشنل تیاری برقرار رکھیں،کور ہیڈکوارٹرز پشاور میں خطاب چیف آف ڈیفنس فورسز عاصم منیرسے فرانسیسی سیکرٹری جنرل دفاع کی ملاقات، دفاعی تعاون کو وسعت دینے کا عزم

راولپنڈی (خصوصی نیوز رپورٹر)فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کور ہیڈ کوارٹر پشاور کا دورہ کیا اور کہا مسلح افواج قوم کی غیر متزلزل حمایت کے ساتھ دہشت گردی کے خاتمے اور ملک بھر میں پائیدار امن و استحکام کے قیام کے لیے پرعزم ہیں، شہدا کی قربانیوں کو فراموش نہیں کیا جائے گا۔پاک فوج کے محکمہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کور ہیڈ کوارٹر پشاور کا دورہ کیا۔دورے کے موقع پر آرمی چیف کو خیبر پختونخوا کی موجودہ سکیورٹی صورتحال پر بریفنگ دی گئی۔ فیلڈ مارشل کو صوبے میں جاری انسدادِ دہشت گردی آپریشنز، سرحدی انتظامات اور تعینات فارمیشنز کی آپریشنل تیاریوں سے بھی آگاہ کیا گیا۔فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے فارمیشنز کو مسلسل چوکس رہنے اور اعلیٰ ترین آپریشنل تیاری برقرار رکھنے کی ہدایت کی ، انہوں نے افسروں اور جوانوں کے بلند حوصلے ، تیاری اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا جبکہ عوام کے تحفظ اور سلامتی کے لیے ان کی ثابت قدمی کو خراجِ تحسین پیش کیا۔آرمی چیف نے یادگارِ شہدا پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔

فیلڈ مارشل نے مادرِ وطن کے دفاع اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہدا کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔پشاور پہنچنے پرکور کمانڈر پشاور نے فیلڈ مارشل کا استقبال کیا۔دریں اثنا فرانس کے سیکرٹری جنرل برائے دفاع و قومی سلامتی نیکولاس روش نے فرانسیسی سفیر ژاں نوئل پواریے کے ہمراہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے جنرل ہیڈکوارٹرز راولپنڈی میں ملاقات کی۔اس دوران باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سلامتی کی صورتحال اور دفاع و سکیورٹی کے شعبوں میں پاکستان اور فرانس کے درمیان دوطرفہ تعاون پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے پاکستان اور فرانس کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور دفاع و سلامتی کے شعبوں میں تعاون کو وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔ فرانسیسی سیکرٹری جنرل نے علاقائی امن اور استحکام کے فروغ کے لیے پاکستان کی کوششوں کو سراہا۔ نیکولاس روش نے باہمی دلچسپی کے شعبوں میں پاکستان کے ساتھ تعاون مزید بڑھانے میں فرانس کی دلچسپی کا بھی اظہار کیا۔ملاقات میں دونوں جانب سے باہمی تعاون کے موجودہ دائرہ کار کو مزید مستحکم کرنے اور مشترکہ مفادات سے متعلق شعبوں میں روابط بڑھانے کی اہمیت پر بھی زور دیا گیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...