کچے میں امن کیلئے کام کرنیوالوں کا شاباش: پنجاب میں غنڈہ گردی اور قبضہ مافیاز نہیں چل سکتے : مریم نواز

 کچے میں امن کیلئے کام کرنیوالوں کا شاباش: پنجاب میں غنڈہ گردی اور قبضہ مافیاز نہیں چل سکتے : مریم نواز

پولیس باڈی ورن ٹیکنالوجی سے لیس،سیف سٹی کا دائرہ پورے پنجاب تک پھیلا دیا ، سٹریٹ کرائم میں کمی ،احساسِ تحفظ پیدا ہوا شہدا ،غازیوں کو سلام ،جوان بیٹوں کو محاذ پر بھیجنے والے والدین اعلیٰ ترین لوگ ہیں:وزیراعلیٰ،صوبائی ایپکس کمیٹی اجلاس میں گفتگو

لاہور (سٹاف رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیرِ صدارت صوبائی ایپکس کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں صوبے میں امن و امان کی مجموعی صورتحال اور سکیورٹی امور  پر تفصیلی بریفنگ دی گئی، سکیورٹی اداروں کے درمیان مؤثر اور منظم اشتراکِ کار پر اظہارِ اطمینان کیاگیا،وزیراعلیٰ مریم نواز نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں شہید ہونیوالوں اور غازیوں کو سلام پیش کرتی ہے ،جوان بیٹوں کو محاذ پر بھیجنے والے والدین ہم سے بہتر اور اعلیٰ ترین لوگ ہیں،انہوں نے کہا کہ پنجاب میں تمام ادارے باہمی اشتراکِ کار کے ساتھ آگے بڑھ رہے ہیں۔ پیفٹاک کے ذریعے بروقت معلومات کا تبادلہ ممکن ہو رہا ہے ،ایک ٹیم بن کر یکساں سمت میں کام کرنے سے کامیابی ملتی ہے ، پاک فوج اور تمام اداروں کا بھرپور تعاون حاصل ہے ،امن و امان کے لیے ذاتی مفادات سے بالاتر ہو کر کام کرنا پڑتا ہے ،وزیراعلیٰ نے کہا کہ سٹریٹ کرائم میں کمی سے عوام میں احساسِ تحفظ پیدا ہوا ہے ، پنجاب میں غنڈہ گردی اور قبضہ مافیا زنہیں چل سکتے ، پنجاب بھر میں مافیاز کیلئے کوئی جگہ نہیں ہوگی،انہوں نے بتایا کہ کرپشن میں ملوث ہونے پر پولیس کے 718 ملازمین کو ملازمت سے نکالا گیا،وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ کچے کے علاقے میں امن و امان کے لیے کام کرنے والے تمام اداروں کو سلام اور شاباش دیتی ہوں، کچے کے علاقے میں صحت، تعلیم اور امن و امان کے لیے 30 ارب روپے سے زائد کا ترقیاتی پیکیج دیا جا رہا ہے ،کچے کے علاقے میں پہلی مرتبہ بڑے کرکٹ ٹورنامنٹ کا انعقاداور عوام اور حکام کی شرکت خوش آئند ہے ،مجموعی طور پر پنجاب میں امن و امان کی صورتحال حوصلہ افزا ہے ، پنجاب میں جرائم کا گراف مسلسل نیچے آ رہا ہے۔

پولیس کو امن و امان کے لیے ٹیکنالوجی سمیت تمام ضروری وسائل فراہم کیے جا رہے ہیں،عوام کی سہولت کیلئے پولیس اہلکاروں کو باڈی ورن ٹیکنالوجی سے لیس کیا جا رہا ہے ، سیف سٹی کا دائرہ کار پورے پنجاب تک پھیلا دیا گیا ہے ،وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب اور پنجاب کے عوام کی جانب سے مسلح افواج کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں، فیلڈ مارشل کی قیادت اور شاندار لیڈرشپ قابلِ تحسین ہے ،وزیراعلیٰ نے کہا کہ سکیورٹی کے معاملے میں کوئی گیپ نہیں آنا چاہیے ، مختلف چیلنجز کے باوجود عوام کی حفاظت کیلئے ہر ممکن اور ضروری اقدامات کیے جا رہے ہیں،وزیراعلیٰ نے بتایا کہ خطے کی صورتحال کے پیشِ نظر عوام کو مہنگائی اور معاشی مشکلات سے بچانے پر بھی توجہ مرکوز ہے ۔ اجلاس میں پیفٹاک میں آرٹیفیشل انٹیلی جنس ہب کا قیام اداروں کے درمیان بروقت معلومات کے تبادلے کیلئے اہم اقدام قراردیاگیا، اجلاس میں آپریشن میں شہید کیپٹن ابوذر فاروق، لیفٹیننٹ شیراز بابر اور دیگر شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کیاگیا۔ شہداء کے ایصالِ ثواب کیلئے فاتحہ خوانی اور لواحقین کیلئے صبرِ جمیل کی دعاکی گئی، کمانڈر لاہور کور نے اداروں کی کارکردگی کو سراہا اور تسلی بخش قرار دیا، بریفنگ میں بتایاگیا کہ کچے کے علاقے میں سوشل انفراسٹرکچر کے قیام کیلئے 93 منصوبے شروع کئے جا رہے ہیں، سمارٹ پولیس سٹیشنز اور پولیس چیک پوسٹس قائم کی جائیں گی، کچے میں 62 کروڑ روپے کی لاگت سے سٹیل برج تعمیر کیا جائے گا، عوام کے لیے روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے لیے سکل ڈویلپمنٹ منصوبے شروع کیے جا رہے ہیں، پنجاب میں غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکی باشندوں کے اخراج کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...