وزیراعظم کی یقین دہانی پر جماعت اسلامی کا لانگ مارچ موخر
شہباز شریف نے وطن واپسی پر پٹرولیم لیوی مسئلہ کا حل نکالنے کا وعدہ کیا ہے ،دھرنے جاری رہیں گے :حافظ نعیم حکومت کو آخری موقع دے رہے ، مطالبہ تسلیم نہ ہوا تو اسلام آباد مارچ کا ملتان سے ہی آغاز ہوگا:امیر جماعت اسلامی
ملتان (سٹاف رپورٹر، دنیا نیوز) جماعت اسلامی پاکستان نے پٹرولیم لیوی کیخلاف کراچی سے 20ستمبر کو شروع کردہ اسلام آباد کی طرف ٹرین مارچ ملتان پہنچ کر اکتوبر کے پہلے ہفتے تک کیلئے مؤخر کرنے کا اعلان کر دیا۔اس حوالے سے امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے ملتان میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے نیویارک سے انہیں فون کرکے اسلام آباد لانگ مارچ ملتوی کرنے کی درخواست کی اور وعدہ کیا کہ وطن واپسی پر پہلی فُرصت میں جماعت اسلامی کی قیادت سے مل کر لیوی کے مسئلہ کا کوئی نہ کوئی حل نکالیں گے ،ہم نے وزیراعظم کی درخواست پر لانگ مارچ اکتوبر کے پہلے ہفتے تک ملتوی کر دیا تاہم پٹرولیم لیوی کے خلاف ملک گیر دھرنے اور احتجاجی کیمپ جاری رہیں گے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ کراچی سے روہڑی اور روہڑی سے ملتان تک ٹرین مارچ کیا، عوامی مسائل کے لیے ڈٹ کر کھڑے ہیں،پٹرولیم قیمتوں کی وجہ سے ملک میں بدترین صورتحال ہے ،حکومت عوام سے لیوی کی مد میں بھتہ وصول کر رہی ہے ، پٹرول کی قیمت اور ٹیکس وصول کر کے حکومت اپنی کرپشن چھپاتی ہے ۔امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ حکومت حالات کا جو بھی کہے ، ہم نہیں رکیں گے ، لانگ مارچ اکتوبر کے پہلے ہفتے تک ملتوی کیا ہے ، ہمارا ایجنڈ افساد یا جھگڑا نہیں عوام کا ریلیف ہے ، وزیراعظم جلدی وطن واپس آئیں، ان کے ساتھ بات کریں گے۔
حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ وزیراعظم نے اگر ریلیف دیا تو ٹھیک ورنہ لانگ مارچ جاری رہے گا، ملتان میں ہمارا پڑاؤ ہے ، ریلیف نہ ملنے کی صورت میں لانگ مارچ آگے بڑھے گا،ملاقات کریں گے اور بات بھی، حکومت سے تحریری یقین دہانی لیں گے ،حکومت کو عوام کو ریلیف دینے کا آخری موقع فراہم کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی درخواست اور لیوی کے معاملہ کا کوئی نہ کوئی حل نکالنے کے وعدہ پر جماعت اسلامی نے چند روز کیلئے اسلام آباد کی جانب روانگی میں وقفے دینے کا فیصلہ کیا ہے ۔ حافظ نعیم الرحمن نے پریس کانفرنس کے دوران واضح کیا کہ وزیراعظم سے ملاقات میں پٹرولیم لیوی ختم نہ ہونے کی صورت میں اسلام آباد مارچ کا فوری آغاز ملتان ہی سے ہوجائے گا ۔ امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ جماعت اسلامی کا احتجاج پرامن ہے ، ہم نے لیوی کے خلاف پانچ سو دس مقامات پر سڑکیں بند کیں اور 16 اگست کو دھرنوں کا آغاز کیا جو ملک کے بیالیس مقامات پر جاری ہیں، مذاکرات کے کئی ادوار میں حکومت کو جماعت اسلامی کی کمیٹی نے لیوی کے خاتمہ کیلئے تجاویز دیں تاہم حکومت کی جانب سے مسلسل ٹال مٹول ہوتی رہی تو جماعت اسلامی نے ٹرین مارچ کا آغاز کیا ، ٹرین مارچ دو مرحلوں پر مشتمل تھا ، دوسرے مرحلے کے ملتان میں اختتام پر وزیراعظم نے انہیں فون کیا،وزیراعظم کو بتادیا کہ جماعت اسلامی کا واحد مطالبہ پٹرولیم لیوی کا خاتمہ ہے ۔ حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ جماعت اسلامی پی ٹی آئی کے احتجاج کی حمایت کرتی ہے اور اس کے خلاف کریک ڈاؤن کی مذمت کرتی ہے ، حکومت علامہ راجہ ناصر عباس کی جانب سے دی گئی تجویز کو سنجیدگی سے لے اور پی ٹی آئی سے مذاکرات کے ذریعے مسئلہ کا حل نکالے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments