اے آئی سے طریقہ پوچھ کر باپ کو زہر دینے والا طالبعلم گرفتار
والد سے کشیدہ تعلقات، نوجوان نے نقصان پہنچانے کی منصوبہ بندی کی:حکام این سی سی آئی اے کی بہاولپور میں کارروائی، طالب علم سے مزید تفتیش جاری
لاہور (اپنے کامرس رپورٹر سے )مصنوعی ذہانت (اے آئی )سے زہر دینے کا طریقہ پوچھ کر اپنے والد کو زہر دینے کی کوشش کرنے والے 17 سالہ طالب علم کو قومی سائبر جرائم تحقیقاتی ادارے پنجاب نے بہاولپور سے گرفتار کرلیا۔ ڈائریکٹر قومی سائبر جرائم تحقیقاتی ادارے پنجاب حسام بن اقبال کی ہدایت پر فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو حراست میں لیا گیا، جبکہ واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے ۔قومی سائبر جرائم تحقیقاتی ادارے کی ابتدائی معلومات کے مطابق گرفتار نوجوان بہاولپور کا رہائشی اور سیکنڈ ایئر کا طالب علم ہے ۔ وہ اپنے والدین کا اکلوتا بیٹا ہے اور والد کے ساتھ اس کے تعلقات کشیدہ تھے ۔ والد سے ناراضی کے باعث اس نے انہیں نقصان پہنچانے کی منصوبہ بندی کی۔تحقیقات کے مطابق نوجوان امریکی جرائم پر مبنی ڈراما سیریز ‘‘بریکنگ بیڈ’’ دیکھنے کے بعد کیمیا دان بننے میں دلچسپی لینے لگا تھا۔ اس نے گھر میں ایک چھوٹی تجربہ گاہ بھی قائم کر رکھی تھی، جہاں وہ کیمیائی تجربات کرتا تھا۔ نوجوان نے اپنے والد کو زہر دینے کے لیے بیرون ملک سے کیمیائی مواد منگوایا اور اسے گھر میں تیار کیا۔ اس نے ایک مرتبہ اپنے والد کو زہر دینے کی کوشش کی، تاہم اس کوشش کا کوئی اثر نہیں ہوا۔
بعد ازاں نوجوان نے مصنوعی ذہانت سے دوبارہ رہنمائی طلب کرتے ہوئے والد کو ایسا زہر دینے کے بارے میں معلومات حاصل کرنے کی کوشش کی جس سے ان کی موت واقع ہو اور کسی کو علم بھی نہ ہو۔حکام کے مطابق اسی دوران خودکار نظام کے ذریعے قومی سائبر جرائم تحقیقاتی ادارے پنجاب کو نوجوان کے بارے میں معلومات موصول ہوئیں۔ ڈائریکٹر حسام بن اقبال نے فوری طور پر ٹیم تشکیل دی، جس نے بہاولپور میں کارروائی کرتے ہوئے نوجوان کو گرفتار کرلیا۔حکام کے مطابق ملزم سے مزید تفتیش جاری ہے اور واقعے کے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے ۔واضح رہے کہ ‘‘بریکنگ بیڈ’’ ایک امریکی جرائم پر مبنی ڈراما سیریز ہے جس کا مرکزی کردار والٹر وائٹ کیمیا کا استاد ہے ۔ اسے سرطان کی تشخیص کے بعد اپنے خاندان کے مالی مستقبل کی فکر لاحق ہوتی ہے اور وہ غیر قانونی منشیات کی دنیا میں داخل ہوجاتا ہے ۔ سیریز میں والٹر وائٹ اپنے کیمیا کے علم کو جرائم اور مخالفین کے خلاف منصوبہ بندی میں استعمال کرتا دکھائی دیتا ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments