پاکستان میں انسانی حقوق پریورپی پارلیمنٹ میں کانفرنس کی تجویز
اسلام آباد(دنیا نیوز)یورپی پارلیمنٹ کی رکن میری خان کی سربراہی میں یورپی پارلیمانی وفد نے وفاقی وزیر انسانی حقوق اعظم نذیر تارڑ سے ملاقات کی، ملاقات میں پاکستان اور یورپی یونین کے تعلقات، انسانی حقوق، قانونی امور، جی ایس پی پلس اور جیو سٹریٹجک معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وفد میں ڈینس ہوہلوخ، اسٹینی سلاو اسٹویانوف، توماش فروئلش، ڈین پیڈوک اور موزیز شامل تھے۔ وفد نے کہا پاکستان کے انسانی حقوق سے متعلق معاملات کو پاکستانی تناظر میں بھی سمجھنے کی ضرورت ہے، وفد نے اس کیلئے یورپی پارلیمنٹ میں کانفرنس کے انعقاد کی تجویز بھی دی۔ وزیرانسانی حقوق نے آئینی و قانونی نظام اور انسانی حقوق کے حوالے سے پاکستانی مؤقف سے آگاہ کیا اور کہا پاکستان نے کئی دہائیاں دہشتگردی اور انتہاپسندی کے خلاف جنگ میں بڑی قربانیاں دیں، قانونی نظام میں آئینی تقاضوں، ملکی قوانین اور مقامی حقائق کو مدنظر رکھا جاتا ہے ۔ وفاقی وزیر نے مذہبی اقلیتوں کے آئینی و قانونی حقوق اور متعلقہ قانونی فریم ورک سے بھی آگاہ کیا۔ یورپی وفد نے پاکستان کی جیو سٹریٹجک اہمیت اور خطے میں درپیش چیلنجز کو تسلیم کیا اور پاکستان کے خلاف جغرافیائی سیاسی مفادات کے تحت الزام تراشی نامناسب قرار دیتے ہوئے انسانی حقوق، جی ایس پی پلس اور دیگر امور پر مزید مکالمے کی ضرورت پر زور دیا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments