سعودیہ کا دشمن ہمارا دشمن،حوثیوں سے دفاع کیلئے تمام دستیاب و سائل فراہم کرینگے:خواجہ آصف
سعودی عرب، ترکیہ اور پاکستان معاہدے کے تحت سیکر ٹریٹ قائم کر رہے اور اتحاد کا فریم ورک تیار ہو رہا ہے :وزیردفاع دیگر ممالک کی بھی شمولیت میں دلچسپی، لیکن فوری طور پر اس اتحاد میں توسیع کا منصوبہ نہیں ہے ،دورہ روم کے دوران انٹرویو
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)وزیر دفاع خواجہ آصف نے پاکستان کی طرف سے سعودی عرب کو ہرممکن مدد فراہم کرنے کا واضح عزم ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ حوثیوں کے حملوں سے دفاع کیلئے سعودی عرب کو ہر قسم کے دستیاب وسائل فراہم کریں گے ۔ خواجہ آصف نے دورہ روم کے دوران عرب نیوز کو انٹرویو دیا،جب خواجہ آصف سے پوچھا گیا کہ کیا پاکستان نے یمن میں ایرانی عناصر کے خلاف فضائی حملوں میں حصہ لیا تو انہوں نے اس کا براہ راست جواب دینے سے گریز کرتے ہوئے اتنا کہا کہ جب میں کہتا ہوں کہ ہم سعودی عرب کے دفاع کے پابند ہیں تو اس کا مطلب ہے کہ ہمارے پاس جو بھی ذرائع ہیں وہ سعودی عرب کیلئے دستیاب ہوں گے ۔انہوں نے مزید کہا پاکستان کی فوجی صلاحیتیں سعودی عرب، ترکیہ اور پاکستان کے درمیان طے پانے والے نئے دفاعی معاہدے کے تحت سعودی عرب کیلئے دستیاب ہوں گی۔رپورٹ میں بتایا گیا کہ انہوں نے حوثیوں کے خلاف کیے گئے حملوں میں پاکستان کے شامل ہونے سے متعلق واضح تصدیق نہیں کی اور نہ ہی یہ بتایا کہ سعودی عرب کی جانب سے کسی قسم کی مدد کا مطالبہ کیا گیا ہے ،انٹرویو میں خواجہ آصف نے حوثیوں کو جارح قرار دیا اور کہا کہ پاکستان کے سعودی عرب کو مدد فراہم کرنے کے عزم میں کوئی ابہام نہیں ہے ، سعودی عرب کا کوئی بھی دشمن پاکستان کا دشمن ہے ، یہ بات بالکل واضح ہونی چاہیے ۔خواجہ آصف نے سعودی عرب، ترکیہ اور پاکستان کے درمیان طے پانے والے دفاعی معاہدے کے حوالے سے بتایا کہ یہ معاہدہ دفاعی نوعیت کا ہے اور یہ اتحاد کسی مخصوص ملک کے خلاف نہیں ہے ،خواجہ آصف نے کہا کہ دیگر ممالک نے بھی اس اتحاد میں شامل ہونے کے لیے دلچسپی کا اظہار کیا ہے لیکن فوری طور پر اس اتحاد میں توسیع کا منصوبہ نہیں ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments