شمالی وزیرستان :فورسز کا آپریشن،7خوارج ہلاک:ڈی جی خان:چیک پوسٹوں پر ڈرون حملہ ناکام

شمالی  وزیرستان :فورسز  کا  آپریشن،7خوارج  ہلاک:ڈی  جی  خان:چیک   پوسٹوں  پر  ڈرون  حملہ  ناکام

عیدک میں انٹیلی جنس بیسڈ کارروائی ، جنگی مہارت کے ساتھ دہشت گردوں کا تعاقب، ٹھکانے بھی تباہ کردئیے تونسہ شریف وہوا میں پولیس چیک پوسٹوں کو ڈرون سے نشانہ بنایا گیا،1اہلکار زخمی، جوابی کارروائی پر دہشتگرد فرار

پشاور،اسلام آباد،ڈی جی خان(ڈسٹرکٹ رپورٹر،نامہ نگار، مانیٹرنگ ڈیسک)خیبرپختونخوا کے ضلع شمالی وزیرستان کے علاقے عیدک میں سکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران 7 خوارج ہلاک کر دئیے ۔سکیورٹی ذرائع کے مطابق سکیورٹی فورسز نے بھرپور عزم اور جنگی مہارت کے ساتھ فتنہ الخوارج کے دہشتگردوں کا تعاقب کیا اور ان کے ٹھکانوں کو تباہ کردیا۔صدر آصف علی زرداری، وزیر اعظم شہباز شریف نے فورسز کو خراج تحسین پیش کیا۔ صدر زراری نے کہا عزمِ استحکام کے تحت دہشت گردی کے مکمل خاتمے اور پائیدار امن کے قیام کیلئے سکیورٹی فورسز کی کاوشیں قابلِ تحسین ہیں، شہبازشریف نے کہا سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے افسروں اور جوانوں کی شاندار کارکردگی ملکی امن و سلامتی کی ضامن ہے ۔ وزیرداخلہ محسن نقوی نے کہا فورسز کے بہادر سپوت پوری قوم کا سرمایہ افتخار ہیں۔دریں اثنا فتنہ الخوارج کے دہشتگردوں نے پنجاب اور خیبر پختونخوا کی صوبائی سرحد پر تونسہ شریف وہوا میں قائم جھنگی اور لکھانی پولیس چیک پوسٹوں پرڈرون حملہ کیا، ڈیرہ غازیخان پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے حملہ ناکام بنا دیا، تاہم لکھانی چیک پوسٹ پر ڈرون حملے کے نتیجے میں ایک پولیس ملازم معمولی زخمی ہوگیا۔ پولیس کی جوابی کارروائی پر دہشتگرد فرار ہوگئے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...