لیسکو کے کرپٹ عناصر کے وارنٹ جاری کرواؤں گا:ملک احمد

لیسکو کے کرپٹ عناصر کے وارنٹ جاری کرواؤں گا:ملک احمد

کرپٹ افسران کی فہرست اور ریکارڈ موجود، اسمبلی انکوائری کمیٹی کو معاملہ بھجوا دیا بار بار کے پی سے آنے والے جتھوں کے اثرات کا جائزہ لینا ہوگا، سپیکر پنجاب اسمبلی

لاہور (سیاسی نمائندہ) سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے لیسکو کے افسران پر کرپشن، رشوت ستانی، غیر قانونی ترقیوں، بجلی چوری میں مبینہ معاونت، غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ اور شہریوں کو ہراساں کرنے کے الزامات عائد کرتے ہوئے کرپٹ عناصر کے وارنٹ جاری کروانے اور ان کے خلاف انکوائری مکمل کرنے کا اعلان کیا ہے ۔ انہوں نے کہا میرے پاس کرپٹ افسران کی فہرست اور ریکارڈ موجود ہے ، معاملہ اسمبلی کی انکوائری کمیٹی کو بھجوا دیا ہے ، کمیٹی کی کارروائی کے ساتھ تمام تفصیلات وزیراعظم کو بھیجوں گا، یہ معاملہ نیب، ایف آئی اے اور دیگر متعلقہ اداروں کے سامنے بھی آنا چاہیے ۔پریس کانفرنس میں ملک محمد احمد خان نے کہا عوام لاوارث نہیں کہ واپڈا گردی کا شکار ہوتے رہیں، لیسکو کے کرپٹ عناصر کے وارنٹ جاری کرواؤں  گا، انہیں جواب دینا ہوگا کہ کرپشن کرنے والوں کو کیوں چھوڑا گیا۔سیاسی جتھہ بندی کے حوالے سے انہوں نے کہا 2014 سے اب تک پانچ مواقع پر جتھہ بندی کی گئی، لانگ مارچ کے نام پر وزیراعظم ہاؤس، پی ٹی وی اور سپریم کورٹ پر حملے ہوئے ، اسلام آباد میں انارکی پیدا کی گئی اور اربوں روپے کا نقصان ہوا۔ پشاور سے مسلح جتھے تربیت یافتہ افراد کو ساتھ لے کر آئے ۔ ہر چار سال بعد پشاور سے ایک سیاسی جماعت لوگوں کو مسلح کرکے وفاق پر حملہ کرتی ہے ، بار بار خیبرپختونخوا سے آنے والے جتھوں کے اثرات کا جائزہ لینا ہوگا۔ انہوں نے خبردار کیا کہ دوبارہ اسلام آباد پر جتھہ بندی ہوئی تو نتائج نو مئی جیسے ہوسکتے ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...