پختونخوا میں دہشتگردی کی ذمہ دارصوبائی حکومت:عطا تارڑ

پختونخوا میں دہشتگردی کی ذمہ دارصوبائی حکومت:عطا تارڑ

پی ٹی آئی ، ٹی ٹی پی کی بی ٹیم اور افغان طالبان کی سی ٹیم ہے :وفاقی وزیر اطلاعات صوبائی حکومت کودھرنے کی پڑی ہے ، یہ آئیں، ہم مکمل بندوبست کرینگے :گفتگو

 اسلام آباد(دنیا نیوز،اے پی پی )وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی والے یوٹرن لینے کے ماہر ہیں، کسی ایک بات پر قائم نہیں رہتے ،انہیں اپنی پالیسی بارے واضح فیصلہ کرنا ہوگا ، پارٹی پاکستان کے ساتھ کھڑی ہے یا افغانستان کے ساتھ،یہ  لوگ اپنی دوغلی پالیسی ترک کرنے کو تیار نہیں ، پختونخوا میں دہشتگردی پھیلانے کی ذمہ داری صوبائی حکومت پر عائد ہوتی ہے ۔ اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی سہولیات پاکستان سے حاصل کرتی ہے لیکن اس کی ہمدردیاں افغانستان کے ساتھ ہیں ،پی ٹی آئی کو ملکی مفاد کے معاملے پر واضح اور دوٹوک پوزیشن اختیار کرنا ہوگی ،یہ جس پالیسی کی بات کرتے ہیں یہ دہشتگردوں کو کور دینے کے مترادف ہے ۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے الزام عائد کیا کہ پختونخوا حکومت کو انسداد دہشتگردی کیلئے 700 ارب روپے مل چکے۔

اس کے باوجود دہشتگردی کے خلاف مو ثر اقدامات کی کوئی خواہش نظر نہیں آتی ،صوبائی حکومت دہشتگردوں کو تحفظ دینے کی پالیسی پر عمل پیرا ہے ، پی ٹی آئی کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی)کی بی ٹیم اور افغان طالبان (ٹی ٹی اے )کی سی ٹیم ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہنگو، ڈی آئی خان اور کوہاٹ میں معصوم شہریوں اور بچوں کی لاشیں گر رہی ہیں، ریسکیو ورکرز کا خون بہہ رہا ہے جبکہ وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کی ترجیح قیدی کی رہائی ہے ، پی ٹی آئی کی واحد صوبائی حکومت ہے جو ایپکس کمیٹی کا اجلاس نہیں بلاتی، اس کی وجہ یہی ہے کہ پی ٹی آئی دہشت گردوں کے خلاف کارروائی نہیں چاہتی۔ عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ حکومت کی اولین ذمہ داری سیفٹی اور سکیورٹی ہوتی ہے ، انہیں دھرنے کی پڑی ہے ، یہ آئیں، ہم مکمل بندوبست کریں گے ، کسی کو امن و امان خراب کرنے نہیں دیں گے۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...