’’اپنی چھت، اپنا گھر‘‘منصوبے کی کامیابی، مریم نواز کو عالمی اعزاز سے نواز دیا گیا

’’اپنی چھت، اپنا گھر‘‘منصوبے کی کامیابی، مریم نواز کو عالمی اعزاز سے نواز دیا گیا

مسقط میں منعقدہ تقریب میں آمد پر یو این اوعہدیداراینا کلوڈیا روزباخ کا وزیراعلیٰ پنجاب اور دیگر شرکا کا خیرمقدم ویژنری پروگرام کو ایک بار پھر عالمی سطح پر بھرپورپذیرائی مل رہی:مریم نواز، عالمی دن پر اساتذہ کو بھی خراج تحسین

لاہور،مسقط (سٹاف رپورٹر،دنیا نیوز)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے ‘اپنی چھت، اپنا گھر’ پراجیکٹ کیلئے اقوامِ متحدہ کا ہیبی ٹیٹ  سکروُل آف آنر ایوارڈ وصول کرلیا، انہیں یہ ایوارڈ مسقط کے تاریخی کنونشن اینڈ ایگزیبیشن سینٹرمیں(ورلڈ ہیبی ٹیٹ ڈے )عالمی یومِ رہائش کی پروقار تقریب میں پیش کیا گیا۔وزیراعلیٰ مریم نواز کو ایوارڈ پیش کرنے کیلئے خصوصی طور پر سٹیٹ گیسٹ کی حیثیت سے مسقط مدعو کیا گیا تھا۔تقریب میں آمد پراقوام متحدہ کی ہیومن سیٹلمنٹ پروگرام کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر اینا کلوڈیا روزباخ نے وزیراعلیٰ پنجاب اور دیگر شرکا کا خیرمقدم کیا۔مریم نواز نے جب ایوارڈ وصول کیا تو ہال تالیوں سے گونج اٹھا، وزیراعلیٰ پنجاب نے ایوارڈ ‘اپنی چھت، اپنا گھر’پراجیکٹ کے ذریعے گھر بنانے والے افراد کے نام کردیا،دنیا بھر سے صرف 5 منتخب ممالک کو یہ آنر ایوارڈ دیا گیا۔ میانمار کے ہٹو وینگ، برازیل کے تھیاگو باؤرمین گبرٹ، تیونس کے عبدالمالک غانم اور لندن کے صادق خان بھی ایوارڈ حاصل کرنے والوں میں شامل تھے ۔دریں اثنا وزیراعلیٰ پنجاب نے عالمی یومِ رہائش کے موقع پراقوامِ متحدہ کے انسانی آبادیوں کے پروگرام کی منعقدہ خصوصی نمائش کی افتتاحی تقریب میں بھی شرکت کی۔ انہیں ترقیاتی معاہدوں پر دستخط کی تقریب میں بھی خصوصی طور پر مدعو کیا گیا جبکہ انہوں نے دیگر شرکا کے ساتھ گروپ فوٹو بھی بنوایا۔تقریب کے دوران یواین ہیبی ٹیٹ سکرول آف آنر ایوارڈ کے حوالے سے خصوصی بریفنگ میں بتایا گیا کہ یہ ایوارڈ اقوام متحدہ کے ہیومن سیٹلمنٹ پروگرام سے متعلق اعلیٰ ترین بین الاقوامی اعزاز ہے ، جو مختلف افراد، شہروں، سرکاری و نجی اداروں اور ریسرچ انسٹیٹیوٹس کو غیر معمولی کارکردگی پر دیا جاتا ہے ۔ایوارڈ کیلئے سستی اور مناسب رہائش ، بنیادی شہری سہولتوں میں بہتری جیسے اہداف مقرر کیے گئے ہیں،37 سال سے جاری اس سلسلے میں اب تک 200 سرکاری و نجی اداروں کو سکرول آف آنر ایوارڈ دیے جاچکے ہیں، پاکستان نے بھی 2007 میں یہ ایوارڈ وصول کیا تھا،19 سال بعد پنجاب کا ‘اپنی چھت، اپنا گھر’ پراجیکٹ دنیا بھر کے 150 سے زائد پراجیکٹس میں سرفہرست قرار پایا ۔

یہ پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ ہے کہ کسی صوبے کے ہاؤسنگ پراجیکٹ کو عالمی سطح پر پذیرائی کے ساتھ ایوارڈ سے نوازا گیا ہے ۔ دریں اثنا عالمی یوم رہائش پر جاری خصوصی پیغام میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ ورلڈ بیسٹ لو کاسٹ ہاؤسنگ پراجیکٹ اپنی چھت، اپنا گھردنیا میں پنجاب ہی نہیں بلکہ پا کستان کی پہچان بن چکا ، ویژنری پروگرام کو ایک بار پھر عالمی سطح پر بھرپورپذیرائی مل رہی ہے ، پنجاب حکومت کے اس پراجیکٹ کو یو این ہیبی ٹیٹ سکرول آنر ایوارڈ عالمی یوم رہائش پر خصوصی اعزاز سے نوازا گیا ہے ۔ مریم نواز نے مزید کہا ہے کہ اپنی چھت، اپنا گھر پراجیکٹ کم آمدن رکھنے والے خاندانوں کیلئے امید کی کرن ہے ،اس کے ذریعے غریب افرادکو چھت کی نعمت مل رہی ہے ،ریکارڈ مختصر مدت میں 2لاکھ سے زائد افراداپنی چھت، اپناگھر پروگرام کے تحت لون حاصل کر چکے ،اس پروگرام کے تحت 5سال میں 5لاکھ گھر بنانے کا ہدف پورا کریں گے ۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے مزید کہا کہ عالمی یوم رہائش پر ہر مستحق خاندان کو چھت فراہم کرنے کے عزم کا ا عادہ کرتے ہیں، محفوظ، باعزت اور معیاری رہائش ہر شہری کا بنیادی حق ہے اوریہ حق اسے ضرور ملے گا۔علاوہ ازیں وزیراعلیٰ پنجاب نے اساتذہ کے عالمی دن پر معلم اعظم حضرت محمدؐ پر کروڑوں درودو سلام پیش کیااور اپنے خصوصی پیغام میں اساتذہ کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ اپنے گرامی قدر اساتذہ سمیت ہر استاد کو سلام پیش کر تی ہوں۔ 

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...