مریم نواز کا عوام کو ہر صورت سستاآٹا اور گندم مہیا کرنے کا حکم
فلور ملوں کیلئے 3800 روپے من گندم کا کوٹہ بڑھانے کافیصلہ، 10 ارب سبسڈی کی منظوری عوام پر مہنگائی کا بوجھ تکلیف دہ ، سستے آٹے کی فراہمی کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائینگے :وزیراعلیٰ
لاہور(سٹاف رپورٹر،آئی این پی )وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے آٹے کے نرخ بڑھنے پر شدید برہمی کااظہار کرتے ہوئے عوام کو ہر صورت سستا آٹا اورگندم مہیا کرنے کا حکم دیدیا۔ اس حوالے سے وزیراعلیٰ کی زیر صدارت ہنگامی ویڈیو لنک اجلاس ہوا جس میں فلور ملوں کو 3800 روپے فی من ملنے والی سبسڈائز سرکاری گندم کا کوٹہ بڑھانے کافیصلہ کیا گیا۔اجلاس میں سستے آٹے کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے 10 ارب روپے کی سبسڈی دینے کی بھی منظوری دی گئی۔
مریم نواز نے عوام کو ہر صورت سستا آٹا اورگندم مہیا کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ پنجاب کے عوام پر مہنگائی کا بوجھ بے حد تکلیف دہ ہے ، عوام کو سستے آٹے کی ترسیل یقینی بنانے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائیں گے ۔ اجلاس میں متعلقہ حکام نے تفصیلی بریفنگ دی ۔اجلاس کے دوران مارکیٹ میں آٹے اورگندم کے نرخ میں مصنوعی اضافے کے رجحان پر اظہار تشویش کیا گیا اورعوام کو سستے آٹے کی فراہمی ہر صورت یقینی بنانے کیلئے اقدامات کی ضرورت پر اتفاق کیا گیا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments